نوشہرہ ورکاں، 29اکتوبر (اے پی پی): پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہو ئے بین الاضلاعی جگا ڈکیت گینگ کے دس ارکان گرفتار کر لیے ہیں جن کے قبضے سے ایک کروڑ مالیت کا مسروقہ مال بھی برآمد کیا گیا ۔
جگا گینگ ڈکیتیوں کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا اورمنشیات فروشی کا بڑا نیٹ ورک بھی چلارہاتھا،جگا گینگ علاقہ میں خوف کی علامت تھا اوراپنے خلاف آواز اٹھانے والوں کے گھروں پر فائرنگ کے انکو ہراساں کر نا جگاگینگ کا معمول تھا۔
کچھ عرصہ قبل جگا گینگ کی خاتون سمیت تین ارکان کی گرفتاری کے بعد ڈی ایس پی سرکل ہاشم محمود گجر کی سربراہی میں ایس ایچ او صفدر عطاء بھٹی اورحیدرچوکی انچارج رانا عادل اقبال نے جگا گینگ کے مین سپلائر سہولت کاروں کو حراست میں لیکر انٹیروگیشن کی جس کے بعد سرغنہ اعظم عرف جگا گجر سمیت دس افرادکو مختلف علاقوں سے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا جبکہ چند روز قبل جگا گینگ کا ایک اہم رکن عنصر مصلی مبینہ پولیس مقابلہ میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا جاچکا ہے۔
پولیس نے ملزمان سے 60 لاکھ مالیت کے مویشی،تیس لاکھ مالیت کی منشیات اور دیگر مسروقہ مال سمیت دو کلاشنکوف اور دو موٹر سائیکل بھی برآمد کرلیے ہیں ،سی پی او گوجرانوالہ سرفراز احمد فلکی نے نوشہرہ ورکاں پولیس ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے۔