پشاور،19 اکتوبر(اے پی پی ):وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے پیر کو یہاں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال سمیت عوام کی آگہی کے لئے صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات اور ترقیاتی کاموں کی موثر انداز میں اجاگر کرنے سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی اور اس مقصد کے لئے وفاقی اور صوبائی محکمہ اطلاعات کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا ۔
ملاقات میں اشتہارات کی مد میں میڈیا ہاوسز کے بقایاجات کی ادائیگیوں کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عوامی مفاد کی جتنے کام ہوئے ہیں ،وہ کسی اور صوبے میں نہیں ہوئے،صوبائی حکومت کے اقدامات کو قومی سطح پر آجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ میڈیا کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔











