ٹائیگر فورس کے نوجوان قومی خدمت کیلئے جوش و جذبہ سے سرشار ہیں: عثمان ڈار

318

اسلام آباد،16اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے نوجوان قومی خدمت کیلئے جوش و جذبہ سے سرشار ہیں، ٹائیگر فورس کے جوان یونین کونسل کی سطح پر مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرکے ضلعی انتظامیہ کو معاونت  فراہم کریں گے، ٹائیگر فورس اپوزیشن کے اعصاب پر سوار ہے، ماضی میں ایک دوسرے پر تنقید کرنے والے اپوزیشن رہنما آج اکٹھے ہو گئے ہیں، مریم اور بلاول بہن بھائی بن گئے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کنونشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان  ہفتہ کو ٹائیگر فورس کے جوانوں سے خطاب کرکے انہیں نئی ذمہ داریوں سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن سنٹر میں تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے نوجوان کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کریں، اس موقع پر نوجوانوں کو ماسک اور سینیٹائزر فراہم کئے جائیں گے، سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان موبائل ایپ کا افتتاح کریں گے جس کے ذریعے ڈیجیٹل گورننس یقینی بنانے میں مدد ملے گی، وزیراعظم عمران خان گذشتہ 2 سال سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرض اور ہنرمند پاکستان کے ذریعے تربیت فراہم کرکے اپنے پائوں پر کھڑا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس اپوزیشن کے اعصاب پر سوار ہے، ٹائیگر فورس ایک نظریہ کا نام ہے جو خدمت کے جذبہ کے تحت بلامعاوضہ قومی فرض ادا کر رہی ہے۔

معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں شمولیت کا موقع فراہم کر رہے ہیں، ٹائیگر فورس کے جوانوں نے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ ڈالا، کورونا وبا کے دوران ٹائیگر فورس کے جوانوں نے عوامی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے یہ بہادر جوان یونین کونسل کی سطح پر مارکیٹوں میں مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کریں گے جس سے ضلعی انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔

 عثمان ڈار نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے تیار کی گئی موبائل ایپ کے ذریعے نوجوان جیو ٹیگنگ کرکے تصویر کے ذریعے عوامی مسائل کی نشاندہی کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس نہیں ہے، ٹائیگر فورس کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے بلکہ یہ سہولت کار کے طور پر کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک دوسرے پر تنقید کرنے والے اپوزیشن رہنما آج اکٹھے ہو گئے ہیں، مریم اور بلاول بہن بھائی بن گئے ہیں، یہ اپنی کرپشن چھپانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا، اپوزیشن رہنمائوں کے اکٹھے ہونے سے قوم کے سامنے ان کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔