پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے عوام کی ترجمان جماعت ہے :ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سرداربابرخان

315

موسیٰ خیل، 17اکتوبر(اے پی پی):ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سرداربابرخان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے عوام کی ترجمان جماعت ہے اور موجودہ حکومت میں صوبے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔

 تحصیل کنگری کی یونین کونسل  غڑوندی کے علاقہ چھاپ سدوزئی ،شیخان، بہلول سمیت مختلف مقامات کے دورہ کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب  کرتےہوئےڈپٹی سپیکر سردار بابرخان نے کہاکہ کئی دہائیوں سے صوبے کے عوام کو کبھی قوم پرستی ، کبھی مذہبی پرستی کے نام پر ورغلاکر اقتدار تک پہنچا جاتا اور پھر عوام کو بھول جایا کرتے تھے لیکن گزشتہ الیکشن میں عوام نے اپنی ووٹ کی پرچی کی طاقت سے ان  قوم پرستوں ، مذہب پرستوں کو مسترد کرکے اقتدارسے باہرکردیا ہے اور آج اس لئے یہ نام نہاد قوم پرست، مذہب پرست چیخ رہے ہے کیونکہ انہیں اقتدار نہیں ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب انشاء اللہ  یہاں کی عوام کو تمام محرومیوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے، ضلع  میں امن ومحبت بھائی چارے کی فضاء کا قیام ہو گا اور  بیروزگار نوجوانوں کو روزگار دیا جائے جبکہ عوام کے مسائل انکی دہلز پر حل کیے جائیں گے۔

اس موقع پر ضلعی صدر عالم خان، جنرل سکیرٹری ہاشم خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

عوام نے بھر پور انداز میں سردار بابرخان کا استقبال کیا اور انہیں قبائلی پگڑیاں پہنائیں گئیں اور  پھول نچھاور کیے گئے۔