پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی دودھ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ،  25 ہزار لیٹر دودھ تلف کر دیا گیا

86

عارف والا ،13 اکتوبر(اے پی پی ): محکمہ فوڈتھارٹی نے عارف والا کے گاؤں 71 ڈی نورپور میں پولیس نفری کے ہمراہ جعلی دودھ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر دو گاڑیوں میں 25 ہزار لیٹر جعلی دودھ پکڑ کر قریبی نہر میں تلف کر دیا  جبکہ فیکٹری سے جعلی دودھ بنانے والے آئل کے درجنوں کنستر اور کیمیکلز کے متعدد بیگز قبضے میں لے لیے گئے۔

کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان محمد اسلم اور نذیر احمد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ بااثر فیکٹری مالک خالد جاوید ، بیٹا احمد خالد اور مظہر حسین  موقع سے فرار ہو گئے ۔

محکمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام نے ملزمان کیخلاف اندراج مقدمہ کے لیے پولیس کو درخواست جمع کروادی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سیفٹی آفیسر عدیلہ یاسمین  نے بتایا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔