اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ن لیگ کے سابق سپیکر ایاز صادق کا ابھی نندن کے حوالے سے بیان ، پی ڈی ایم کے گوجرانولہ جلسہ میں عدالتی مفرور مجرم کی تقریر ، کراچی میں مزار قائد کی بےحرمتی اور بلوچستان میں آزاد بلوچستان کا نعرہ آئین کے آرٹیکل 19کی صریحا خلاف ورزی ہے ،اگر ایاز صادق اور پی ڈی ایم قیادت نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر ان چیزوں پر معافی نہ مانگی تو قانون اپنا راستہ بنا لے گا ، ایاز صادق کے بیان پر بھارت میں مٹھائیاں بانٹی جارہی ہیں ، ن لیگ نے ثابت کر دیا کہ وہ اپنے ذاتی مفادات کے لئے ہر حد عبور کر لیں گے ، آج ہم نے طے کرنا ہوگا کہ پاکستان کی سیاست ذات کی بجائے ملکی مفادات کے گرد گھومے گی ،مریم نواز ، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سمیت کسی بھی لیڈر نے آزاد بلوچستان کے نعرے پر ندامت کی اور نہ ہی مذمت کی ، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ہی دشمن کے بیانیے کو فروغ دینا ہے ، یہ سب کرپشن زدہ لوگ اور عدالت کو مطلوب مجرم ، دشمن کے بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ڈرامے کا مقصد اداروں پر دباو ڈال کر مقدمات واپس لینا اور سینٹ کے الیکشن کو متاثر کرنا ہے ، وزیراعظم عمران خان انھیں کسی صورت محفوظ راستہ دیں گے اور نہ ہی انھیں این آر او ملے گا ۔
وہ جمعرات کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیرسینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا سفر گوجرانوالہ سے شروع ہوا جس میں عدالت کو مطلوب مفرور مجرم نے اپنی تقریر میں قومی اداروں کو نشانہ بنایا اسکے بعد پی ڈی ایم کراچی جاتی ہے تو وہاں پر مزار قائد کی بے حرمتی کی جاتی ہے اسکے بعد جب پی ڈی ایم بلوچستان میں جلسہ کرتی ہے تو اس کے پلیٹ فارم سے آزادبلوچستان کا نعرہ لگایا جاتا ہے ، پی ڈی ایم کی قیادت کی جانب سے اس نعرے پر مذمت کی اور نہ ہی اسکی تردید کی ، پوری قوم جانتی ہے کہ ہمارے دشمن ملک کا بلوچستان میں کیا کردار رہا ، بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی اور کلبھوشن کی موجودگی ہمارے دشمن ملک کی موجودگی ثابت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک میں کورونا وائرس وبا کے باوجود معیشت اور ملک دونوں چل رہے ہیں تو اپوزیشن کو یہ بھی ہضم نہیں ہورہا ہے ،اپوزیشن اداروں پر حملہ کر کے سازشوں میں مصروف ہے ، ن لیگ کے سابق سپیکر ایاز صادق نے دشمن کو خوش کرنے کے لئے ایسا بیان دیا کہ بھارتی میڈیا اور پورے بھارت میں شادیانے بج رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جہاز مار گرانے اور ابھی نندن کی گرفتاری کا دن پاکستان کے لئے بہت اہم دن ہے ، اس دن بھارت ایکسپوز ہوا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر ابھی نندن کو واپس بھجوایا تو پوری دنیا نے اس فیصلے کو سراہا ،عالمی طور پر پاکستان کا امیج اونچاہوا ، ماضی کے وزرااعظم کی کوئی ساکھ تھی اور نہ ہی کوئی کردار تھا کہ وہ عالمی معاملات کو بروقت سمجھ کر اس پر کوئی بات کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والوں نے اتنی بڑی فتح کو شکست میں بدلنے کی ناکام کوششش کرتے ہوئے ثابت کر دیا کہ وہ دشمن کے بیانیے اور ایجنڈے پر چل رہےہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر آئی ایس پی آر کا موقف دہرایا جس میں کہا گیا تھا کہ ذمہ دارریاست کا سنجیدہ ردعمل کو کسی اور چیز سے جوڑنا افسوس ناک اور گمراہ کن ہے ، پاک فوج کے شاہینوں کی واضح برتری اور فتح کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہے ، اس منفی بیانیے کے قومی سلامتی پر اثرات مرتب ہوئے ہیں ، اس سے دشمن اطلاعات کے شعبے میں بھرپور فائدہ اٹھا رہاہے۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کرپشن زدہ اپوزیشن ذاتی مفادات کے لئے پورے ملک کے نظام کو درہم برہم کرنے پر تلی ہوئی ہے ، حکومت اور اداروں پر دباو ڈال کر سہولتیں حاصل کرنا چاہتے ہیں ، جو بھی کرلیں انھیں کچھ نہیں ملنے والا ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو وطن واپس لا کر لوٹی ہوئی دولت وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی ،مریم نواز کے سیکیورٹی کے حوالے سے تحفظات دور کریں گے ، نواز شریف کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے کیونکہ ان سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ آج سے پہلے کلبھوشن کا نام ن لیگی قیادت کی زبان پر نہیں آیا ، آج ان کی زبان سے پہلی مرتبہ یہ نام لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی قیادت ایسے شخص کے پاس ہے جو نہ صرف دیانتدار ہے بلکہ اس ملک اور عوام کے ساتھ مخلص اور دلیر ہے ۔