چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص نہ ہونے سے پاکستان میں ہر سال تقریباً 40 ہزار خواتین جاں بحق ہوتی ہیں،  بیگم ثمینہ علوی کا تقریب سے خطاب

391

اسلام آباد۔9اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں ہر سال تقریباً 40 ہزار خواتین جاں بحق ہوتی ہیں، بروقت تشخیص ، علاج اور بریسٹ کینسر کے بارے آگہی پیدا کر کے شرح اموات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بریسٹ کینسر آگہی مہم کے سلسلہ میں پاکستان ائیر فورس ہسپتال میں منعقدہ بریسٹ کینسر آگہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر خواتین میں سب سے زیادہ پایا جانے والا کینسر ہے،بروقت تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں ہر سال تقریباً چالیس ہزار خواتین جاں بحق ہوتی ہیں، بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ لوگوں میں بریسٹ کینسر کے بارے آگہی پیدا کر کے شرح اموات کو کم کیا جا سکتا ہے، ایسی تقاریب کا مقصد خواتین میں اس مرض کی علامات کے بارے میں شعور پیدا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ میڈیا اس مرض کے بارے میں آگہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، خواتین سینے یا اس کے اطراف میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کریں۔انہوں نے کہا کہ اس مرض کی بروقت تشخیص ‘علاج اور آگاہی سے ہی چھاتی کے کینسر سے بچا جا سکتا ہے، پاکستان ائیر فورس دور دراز علاقوں میں ہسپتالوں کے قیام ، میڈیکل کیمپس اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہماری فورسز اس آگہی مہم میں ہمارے ساتھ ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوںمیں علاج کے وسائل نہ ہونے کے باعث خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان علاقوں میں غریب خواتین کو مفت اور قریبی مقام پر علاج فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی کے لئے بھی کوشش کی جارہی ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے  پفوا کی صدر بیگم تزئین مجاہد نے کہا کہ پاک فضائیہ کے ہسپتالوں میں عسکری اور سول مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔پاک فضائیہ کے مختلف ہسپتالوں میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص اور علاج کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اس مہم میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔چھاتی کے سرطان سے صحت یاب ہونے والی خاتون سکوارڈن لیڈر بشریٰ رحیم نے کہا کہ انہیں بریسٹ کینسر کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے اس بیماری کا بہادری سے مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص سے ہی اس بیماری کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر ملک میں چھاتی کے کینسر سے متاثرہ خواتین سے متعلق اعدادو شمار پر بھی بریفنگ دی گئی۔