سکھر،14اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے اشیاءخوردو نوش سمیت دیگر اشیاءکے نئے نرخ مقرر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس روم میں اشیاءخوردو نوش کے ازسر نو نرخ مقرر کرنے کے حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بیورو آف سپلائی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ، اسسٹنٹ کمشنرز، ہول سیل، سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے اشیاءخورد و نوش کے ازسر نو نرخ مقرر کرکے مستقل بنیادوں پر عمل درآمد کی سختی سے ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے تاجروں اور دیگر مارکیٹ کے ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر نئے نرخ پر فروخت کو یقینی بنائیں اور تمام اجناس واشیاءخوردو نوش کے نمونے ڈی سی آفس میں جمع کرائیں تاکہ معیاری اشیاءکی فروخت کی جانچ پڑتال اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو مارکیٹوں کے دورے کے دوران مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ دیے گئے نمونوں کے باوجود غیر معیاری اشیاءفروخت کرنے سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
ڈی سی سکھر نے تاجران اور دکانداروں پر زور دیا کہ شہر میں پلاسٹک بیگز کا استعمال مکمل طور پر بند کردیا جائے، جلد پلاسٹک بیگز کے خلا ف مہم شروع کی جائی گی اور ماحول کی بہتری کے لیے کوئی عذر قابل قبول نہیں ہوگا۔