ملتان یکم اکتوبر( اےپی پیی): وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع ملتان میں عوامی ریونیو کھلی کچہریوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا اورضلع میں تحصیل آفس ملتان،شجاع آباد اور جلالپور پیر والا سمیت تین کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں ۔رجسٹری،انتقال،لینڈ ریکارڈ،ڈومیسائل،اسلحہ لائسنس اور ٹیکس سمیت متعدد شعبوں کے افسران ایک چھت تلے شہریوں کومیسر تھے۔ان کھلی کچہریوں میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔
کئی مہینوں سے تاخیر کا شکار مسائل حل ہونے پر شہری خوشی سے نہال تھے۔سائلین کے لئے کھلی کچہریوں میں بیٹھنے کے بھی اعلیٰ انتظامات کئے گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے تحصیل جلالپور پیروالا میں منعقدہ ریونیو کھلی کچہری کا اچانک معائنہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر جلالپورپیروالا مدثر ممتاز اور ریونیو افسران کچہری میں موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔شہریوں نے وزیراعلی عثمان بزدار کی کھلی کچہریوں کے اقدام کی تعریف کی۔ایک ضعیف العمر خاتون نے وراثت کا دیرینہ مسلہ حل ہونے پر ڈپٹی کمشنر کو ڈھیروں دعائیں دیں۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری اولین خواہش رہی ہے کہ شہریوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں۔ماضی میں کھلی کچہریوں کے لئے میں نے ہمیشہ دیہی یونین کونسلز کا انتخاب کیا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے کھلی کچہریوں کا سلسلہ ترک کردیا گیا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میرے آفس کے دروازے ہر وقت شہریوں کے لئے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت لینڈ ریکارڈ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی پلاننگ کررہی ہے۔حکومت کی خواہش ہے کہ ہر شخص اپنی جائیداد کی فرد اور دیگر دستاویزات گھر پرآن لائن حاصل کر سکے۔ڈیجٹل پاکستان عوام کے مسائل کا بہترین حل ہے۔ای لائسنسنگ اور ای رجسٹریشن کی طرح حکومت دیگر شعبوں میں بھی آگے بڑھ رہی ہے۔جدید ٹیکنالوجی متعارف کرنے سے کرپشن کا خاتمہ ہو گا۔عوام کو ضلع ملتان کے مختلف محکموں میں بہت جلد ای فائلنگ سسٹم نظر آئے گا۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل آفس کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا
اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر کا جلالپور پیروالا پبلک سکول کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے سکول کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا اجلاس بلانے اور سکول میں شجرکاری کی ہدایت کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر کی سٹوڈنٹس سے بھی ملاقات ،انکے مسائل سنے اور انکے حل کے لئے احکامات جاری کئے۔