لاہور۔29 اکتوبر (اے پی پی ): وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے گذشتہ دوسال میں ایسے مثبت اقدامات کئے جن کی مثال پچھلے 70 سالوں میں نہیں ملتی‘ ،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کلین اینڈ گرین پاکستان کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں ، حکومت کی بہتر پالیسیوں کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کی تعریف ہو رہی ہے‘ملکی بہتری کےلئے ایسے پراجیکٹس شروع کئے جا رہے ہیں جن کے دوررس نتائج بر آ مد ہوں گے ،حکومت خالی نعروں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، جعلی اور غیر رجسٹرڈ سکن کریموں کے بے تحاشہ استعمال سے لوگوں میں جلد کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں سکن وائٹننگ اور صابن سے متعلق منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ضیغم ‘فیض مجتبی‘مسرت مصباح‘پروفیسر ساجد‘پاکستان کاسمیٹکس ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور طلبہ نے شرکت کی۔ زرتاج گل نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کی تعریف ہو رہی ہے‘کرپشن کے خلاف مہم جاری ہے اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا‘ملکی بہتری کےلئے ایسے پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں جن سے دوررس نتائج حاصل ہوں گے‘مجھے فخر ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے سرسبز پروگرام کا حصہ ہوں‘ 2 سالوں میں میری وزارت نے بہت زیادہ کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میںمحکمہ ماحولیاتی تبدیلی گرین پاکستان کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے‘درختوں کے کٹاﺅ کی وجہ سے ہمارے جنگلات تقریباختم ہو نے کے قریب ہیں‘عوام کو گرین پاکستان مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے‘ہم نے 10 بلین ٹری کا ٹارگٹ رکھا ہے‘قیام پاکستان کے وقت جنگلات کا رقبہ 35 فیصد تھا لیکن اب درختوں کے کٹاﺅ کی وجہ سے 4فیصد رہ گیا ہے ۔زرتاج گل نے کہاکہ موجودہ حکومت عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کےلئے مصروف عمل ہے‘حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے‘ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دوسالہ دور میں ایسے مثبت اقدامات کئے جن کی مثال پچھلے 70 سالوں میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان نے اپنا نہیں بلکہ قوم کا سوچا، وہ آنے والی نسلوں کی بہتری کےلئے دن رات کوشاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جعلی اور غیر رجسٹرڈ سکن کریموں کے بے تحاشہ استعمال سے لوگوں میں جلد کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں‘سٹینڈ رڈ کے مطابق صرف ایک (پی پی بی) مرکری کاسمیٹکس اشیاءمیں استعمال کی جاسکتی ہے لیکن بدقسمتی سے رنگ گورا کرنےو الی کریموں میں مرکری لیول کا خیال نہیں رکھا جا رہا اور اس میں مرکری لیول کو بڑھا کر استعمال کیا جارہا ہے جو جلدی بیماریوں کی سب سے بڑی وجہ ہے‘پیسوں کی خاطر لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘ کسی کو اس طرح کی پریکٹس کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔زرتاج گل نے کہا کہ اس حوالے سے محکمہ ماحولیاتی تبدیلی نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں‘ ملک بھر میں فروخت ہونے والی سکن واٹننگ کریموںا ور سوپ کو مانیٹر کیا جارہا ہے‘مقامی اور بین الاقوامی طور پر تیار کی جانے والی سکن وائٹننگ پروڈکٹس بنانے والے اداروں کو معیار ی اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پی کے تحت کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ غیررجسٹرڈ سکن وائٹننگ پروڈکٹس بنانے والوں کی حوصلہ شکنی اور غیر معیاری ‘جعلی و غیر رجسٹرڈ پروڈکٹس پر مکمل طور پر پابندی لگائی جائے گی ،اس حوالے سے 31 دسمبر 2020 کی ڈیڈ لائن جار ی کر دی گئی ہے ‘مقررہ تاریخ تک رجسٹریشن نہ کروانے والی پراڈکٹس کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اگر کاسمیٹکس انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کو حکومت کی طرف سے کسی بھی معاونت کی ضرورت ہے تواس سلسلہ میں تعاون کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بیگز پر اسلام آباد میں پابندی لگائی جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہو گی۔وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی حکو مت اب تک ہزاروں افراد کو روز گار کے مواقع فراہم کرچکی ہے۔انہوں نے سیمینار کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ اس سے لوگوں میں کاسمیٹکس کے مضراثرات کے حوالے سے آگاہی ملے گی ۔