ملتان،15 اکتوبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کیجانب سے سموگ کو آفت قرار دینے کے بعدکمشنر جاوید اختر محمود نے ملتان ڈویژن میں انسداد سموگ کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے فصلوں کی باقیات،کوڑا جلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
کمشنر جاوید اختر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل انسداد سموگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کمشنر نے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں کو نوٹس بھجوا کر سربمہر کرنے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کو ملکر کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو اضلاع میں انسداد سموگ مہم بھرپور طریقے سے چلانے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے عناصر کو ہر صورت کٹہرے میں لایا جائے،پرانی ٹیکنالوجی پر قائم خشت بھٹہ جات 7 نومبر تا 31 دسمبر تک بند رہیں گے۔
جاوید اختر محمود نے کہا کہ ڈویژن بھر کے خشت بھٹہ جات کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر آلودگی کے خاتمے بارے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔
اجلاس میں ڈی سی ملتان عامر خٹک،ڈی جی ایم ڈی اے آغا علی عباس سمیت ڈپٹی ڈائیریکٹر ماحولیات ظفر اقبال بھی موجود تھے۔