اب تک بلوچستان میں کورونا کی صورتحال بہتر ہے، فیصلہ کیا گیا ہے لاک ڈاؤن کی طرف نہیں جائیں گے، لیاقت شاہوانی

59

کوئٹہ۔یکم نومبر ( اے پی پی ): ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ اب تک بلوچستان میں کورونا کی صورتحال بہتر ہے فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی طرف نہیں جائیں گے۔ کیسز میں کمی کے باوجود ماسک نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ اگر لاک ڈاؤن نہیں چاہتے تو ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔کورونا کم ہوا ہے لیکن مزید خطرناک ہوسکتی ہے، ماہرین کے مطابق دوسری لہر خطرناک ہوسکتی ہے اگر عوام نے احتیاط نہیں کی تو لاک ڈاؤن لگ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زیادتی کے کیسز میں اضافے پر تشویش ہے۔ بچوں کے ساتھ زیادتی کے کیسز زیادہ رپورٹ ہورہے ہیں۔ قلات میں گزشتہ روز 8 سالہ بچے کی لاش مل جاتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ بچے کے ساتھ اجتماعی زیادتی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور لیویز کی بروقت کارروائی حوصلہ افزاءہے۔ 8 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی میں ملوث تین افراد گرفتار کرلیے گئے ہیں۔بلوچستان حکومت بچوں کے تحفظ کیلئے مزید قانون سازی کرے گی۔