احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سید خورشید شاہ سمیت 18 افراد پرفرد جرم عائد کردی

75

سکھر،30نومبر  (اے پی پی):احتساب عدالت سکھر نے 15 ماہ بعد پیپلزپارٹی کے راہنما سید خورشید شاہ سمیت 18 افراد پرفرد جرم عائد کردی ہے۔پیر کو احتساب عدالت سکھرکے جج نے فرید احمد قاضی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔پیپلزپارٹی کے راہنما سید خورشید شاہ کو این آئی سی وی ڈی ہسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے عدالت لایا گیا۔ جب سماعت شروع ہوئی تو کچھ نامزد ملزمان پیش نہیں ہوسکے جس پر عدالت نے کارروائی  کچھ وقت کے لئے ملتوی کردی۔ 3 بجے عدالت کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی جس میں ایم این اے سید خورشید شاہ، ان کی دو بیگمات ، دو بیٹے، صوبائی وزیرسید اویس قادر شاہ اور دیگرنامزد ملزمان پیش ہوئے ۔عدالت نے  آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں نامزد تمام 18 افراد پر فرد جرم عائد کردی۔تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔عدالت نے سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔ایم این اے سید خورشید شاہ سمیت 18 افراد پر ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔