احمدپورشرقیہ؛ نبی اکرمﷺ کی شان میں گستاخی کے خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاجی   ریلی

121

احمدپورشرقیہ، 07نومبر(اےپی پی) : فرانس میں نبی اکرمﷺ کی شان میں گستاخی کے خاکوں کی اشاعت کے خلاف اوچ شریف میں سوشل سول سوسائٹی ، جمعیت علمائے اسلام سمیت تمام مذہبی جماعتوں ، عوامی سماجی حلقوں ، جماعت اسلامی ، انجمن تاجران اور کسانوں کے حقوق کی نمائندہ جماعت کی جانب  سے  احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی کثیر تعداد شریک تھی جنہوں نے فرانس کے خلاف لکھے نعروں کے پلے کارڈ ، بینر اور پینافلیکس اٹھا رکھے تھے۔

 شرکاء نے فرانس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے فرانس کے صدر کی تصویر کو بھی نذر آتش کیا جبکہ الشمس چوک پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ حضور پاکﷺ سے دلی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، آپﷺ کی شان میں گستاخی قابل قبول نہیں، ہم مسلمان پاک پیغمبرﷺ کی عزت و ناموس اور شان کی خاطر اپنی جانیں بھی قربان کر سکتے ہیں، حکومت گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ملک فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اس کے خلاف اقدامات کرے۔

 مقررین کا کہنا تھا کہ عالم اسلام میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔