احمدپورشرقیہ(اے پی پی):میٹروپولیٹن کارپوریشن بہاول پور کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے نامور نعت خواں شریک ہوئے اور نذرانہ عقیدت بہ حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے تقریب کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدؐ افضل الانبیاء ہیں اور اللہ کے تمام نبیوں اور رسولوں پر ایمان لانا ہمارے دین کا لازمی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرمؐ نے خطبہ حجۃ الوداع میں واضح پیغام دیا کہ کسی عربی کو عجمی اور عجمی کو عربی پر کوئی فوقیت حاصل نہیں ماسوائے تقویٰ اور زہد کے۔انہوں نے کہا کہ تمام انبیاء کرام کی عزت و تکریم ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حضور کریمؐ کے اسوہ حسنہ قیامت تک کے انسانوں کے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے۔محلف میلاد میں سیای و سماجی، علمی و ادبی اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور معزز مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔