اسلام آباد ،24نومبر(اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں تعینات اردن کے سفیر میجر جنرل ریٹائرڈ ابراھیم یالا المدنی نے منگل کو یہاں ملاقات کی ہے ،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مسلم ممالک میں قریبی رابطوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اورتاریخ کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں،پارلیمانی سفارتکاری دونوں اسلامی برادر ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ کا پارلیمانی سطح پر تبادلوں سے دونوں اقوام کو قریب ایک دوسرے کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور اردن اہم علاقائی و عالمی امور پر یکساں موقف کے حامل ہیں،پاکستان اردن کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔دونوں برادر اسلامی ممالک میں قریبی اقتصادی تعاون دونوں اقوام کے بہترین مفاد میں ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ مغرب میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان عالمی امن کے لیے خطرہ ہے،اسلامو فوبیا کے خاتمے کےلیے اسلامی ممالک کو ایک مشترکہ لائحہ عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
اردن سفیر نے کہا کہ اردن پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے،خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ اردن پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواں ہے، دونوں ممالک کے مابین تجارت کے بہترین مواقع میسر ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
میجر جنرل ریٹائرڈ ابراھیم یالا المدنی نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین پہلے سے قائم مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو فروغ کے لیے قریبی رابطوں کا ہونا ضروری ہے،دونوں ممالک اراکین پارلیمنٹ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اردن سفیر نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالامال ہے جبکہ دونوں برادر ممالک کے مابین سیاحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اے پی پی /صائمہ /قرۃالعین