ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب  کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نشتر ہسپتال کا دورہ

238

ملتان 2 نومبر (اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب  کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے گزشتہ روز جرائم پیشہ افراد سے پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے  ڈولفن فورس کے  جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے نشتر ہسپتال کا دورہ کیا۔اس موقع پر  کیپٹن ر ظفر اقبال نے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے تینوں جوانوں کو شاباش دی اور گلدستے پیش کئے۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے پولیس ڈولفن فورس کی ٹیم کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔واضح رہے کہ پولیس ڈولفن سکواڈ کے 03 جوان جاوید، مشتاق اور سہیل گزشتہ شب مقابلے میں زخمی ہوگئے تھے جن کی بہادری کی وجہ سے ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب نے جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خلاف جنگ کرنے والے پولیس جوان محکمے کا سرمایہ ہیں۔زخمی جوانوں کے علاج و معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب نے کہا کہ نئی حکمت عملی کے تحت کامیاب ناکہ بندیوں اور کرائم  فائٹنگ سے جرائم کی شرح میں واضح کمی ہورہی ہے اس مھم کو جاری رکھا جائے گا۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کیلئے خطرہ بننے والے معاشرے کے ناسوروں کا انکی  قبر تک پیچھا کرینگے تاکہ مثالی امن و امان قائم کیا جاسکے۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کیپٹن ر ظفر اقبال نے زیر علاج پولیس جوانوں سے ملاقات بھی کی اور انکے بھرپور علاج و معالجہ  کہ یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ایس پی کینٹ معاذ ظفر بھی انکے ہمراہ تھے۔