لاہور،30 نومبر(اے پی پی): بزدار حکومت کا دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ایک اور احسن اقدام،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت دے دی گئی۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہو ا، اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سوشل سکیورٹی کے ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کا بھی مفت علاج ہوگا،ایمرجنسی وارڈز میں صنعتی ورکرز کے ساتھ عام مریضوں کی بھی پوری دیکھ بھال کی جائے گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ آؤٹ ڈور اور ان ڈور میں بھی عام مریضوں کے علاج معالجے کی تجویز زیر غور ہے، اس ضمن میں قابل عمل سفارشات تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لیبر ورکرز کو انصاف صحت کارڈ بھی فراہم کریں گے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیکٹریوں کی انسپکشن ختم کرنے کی بھی اصولی منظوری دی،انہوں نے انسپکٹر لیس رجیم متعارف کرانے کیلئے قابل عمل تجاویز بھی طلب کیں۔اجلاس میں سیلف اسیسمنٹ سکیم متعارف کرانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ لیبر سے حتمی پلان طلب کر لیا۔
دی کمپنیز پرافٹس (ورکرز پارٹیسپیشن) ترمیمی بل کے حوالے سے آرڈیننس کے اجراء کا فیصلہ بھی اجلاس میں کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لیبرانسپکٹرز کی آئندہ تعیناتیاں پرفارمنس کی بنیاد پر ہوں گی۔آجر اور اجیر کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ سے کاروبار کو فروغ ملے گا۔انھوں نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔