بلوچستان کی محب وطن عوام دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پر عزم ہے: ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی

188

اسلام آباد، 26 نومبر ( اےپی پی): ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی عوام اور خصوصاً نوجوان دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، بلوچستان کی عوام نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ملک میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کو بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش میں ملوث پایا گیا ہے جن کے ناپاک عزائم سے عالمی برادری کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانون پر  مشتمل ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا، وفد کی قیادت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد افضل خلجی کر رہے تھے جبکہ دیگر افراد میں گلزار لانگو اور محمد فہیم شامل تھے۔ محمد افضل خلجی اور محمد فہیم لانگو 150 میٹر لمبا قومی پرچم لے کر بلوچستان سے 37 روز پیدل مارچ کر کے آج سہ پہر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پہنچنے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مجھے بلوچ اور پشتون قوم کے ان نوجوانوں پر فخر ہے جنہوں نے وطن کے ساتھ لازوال محبت کا منفرد اظہار کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ بلوچستان کی عوام اپنے ملک پاکستان سے کس قدر محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن نوجوانوں کے اس اقدام سے پوری پشتون و بلوچ قوم کے سر فخر سے بلند ہوئے ہیں جس پر میں انہیں اپنی اور اور پورے بلوچستان کی عوام کی طرف سے خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی عوام ملکی دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، بلوچستان کے نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی وطن سے والہانہ محبت اور جذبات قابل ستائش ہیں۔

اس موقع پر بلوچستان سے آئے ہوئے وفد کے سربراہ محمد افضل خلجی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بلوچستان سے پارلیمنٹ ہاؤس تک 150 میٹر لمبے قومی پرچم کے ساتھ مارچ کا عنوان ہے کہ پاکستان سے 14 دن کی محبت نہیں بلکہ 12 مہینے محبت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے پارلیمنٹ ہاؤس تک قومی پرچم کے ساتھ پیدل مارچ کا مقصد ہے کہ ہم اپنے دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بلوچستان کی عوام اپنے ملک پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دی گی اور کس بھی اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے دشمن اگر ہمارے طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اس کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے ہم ہمہ وقت اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ افضل خلجی نے کہا کہ ہمارے اس 37 روزہ پیدل مارچ کے دوران ہمیں پورے ملک بلخصوص پنجاب کی عوام سے جو محبت ملی ہے اس کا اظہار الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بسنے والے ہر مکتب فکر اور ہر قبیلے نے ہمارے اس جذبے کو دل سے سراہا ہے جس پر ہم پورے صوبہ پنجاب کی عوام کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا یہ پیدل مارچ کشمیر کے باڈر تک پہنچے گا اور وہاں سے دشمن ملک کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقوام ایک تھیں ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خاتمے اور ان کو حق خودارادیت دلوانے تک پاکستانی قوم چین سے نہیں بیٹھیں گی۔