خواتین پر مظالم ، چائلڈ لیبر اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا ؛اے آئی جی حیدرآباد

100

میرپورخاص،13نومبر (اے پی پی):ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کے قیام کا مقصد خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے جبکہ خواتین پر ہونے والے مظالم ، چائلڈ لیبر اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے واقعات میں ملوث مجرمان کے خلاف تھانہ  کی سطح پر سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپورخاص رینج دورہ کے موقع پر رینج آفس میں قائم وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کے افتتاح کے موقع پر کیا، انچارج وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کی جانب سے خواتین اور بچوں کے تحفظ اور ان سے متعلق شکایات اور شکایات کے بروقت ازالے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

 قبل ازیں ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن  ڈاکٹر جمیل احمد   نے ڈی آئی جی میرپورخاص رینج کے ہمراہ  ڈگری شہر میں واقع ایک قدیمی کھیمناتھ مندر کا دورہ کیا ، دورے میں انہیں میرپورخاص رینج میں واقع اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں پر کئے گئے حفاظتی انتظامات سے متعلق بریف کیا گیا .

ایڈیشنل آئی جی  ڈاکٹر جمیل احمد سے

 رینج آفس میں کاروباری و سماجی شخصیات ، انجمن تاجران کے نمائندگان و دیگر معزز شخصیات نے بھی ملاقات کی ،   ملاقات میں ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، بعدازاں ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن  15 مددگار پولیس سینٹر پہنچے، جہاں انہوں نے نئے قائم ہونے والے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کیا ۔

 اس دوران انہیں سی سی ٹی وی کنٹرول روم سے متعلق بریفنگ دی گئی ، دوران بریفنگ انچارج کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا کہنا تھا کہ  کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر  میں شہر بھر میں نصب 127 سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ میرپورخاص رینج میں ٹریفک کے مسائل سے باخبر ہیں اور ان کے سدباب کے لئے مزید ہدایات جاری کی جاچکی ہیں ،  تاہم میرپورخاص رینج میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے۔