اسلام آباد،1نومبر (اے پی پی):سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصر نے کہاہے کہ سیاسی دکان چمکانے کیلئے قومی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی انتہائی قابل افسوس ہے،ایسے عزائم سے قومی اداروں پرنہیں بلکہ یہ عناصرخوداپنے آپ کوداغ لگارہے ہیں،پاکستانی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،پاکستان کے مسلح افواج کی قربانیوں کوقوم قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے تحصیل ٹوپی ضلع صوابی میں 2کروڑ21لاکھ روپے کی لاگت سے گدون امان زئی فیڈرکے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پروفاقی وزیربرائے توانائی عمرایوب بھی موجودتھے۔ سپیکر نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ معیشت مثبت سمت میں جارہی ہے،سابق حکومتوں کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان آئی ایم ایف کے پاس گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کے باعث آج عوام کومشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ،موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی بدولت ڈالرنیچے آرہاہے اورانشا اللہ بہت جلداس عارضی مہنگائی کوخاتمہ ہوجائیگا ۔
سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ گدون امان زئی فیڈرکیساتھ تین بڑے ٹرانسفارمزبھی نصب کئے جائیں گے جبکہ تحصیل چھوٹالاہور گرڈسٹیشن پربھی کام مزیدتیزکیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ صوابی میں صحت،تعلیم،بجلی،سوئی گیس اورکھیلوں کے میدان میں خاطرخواہ اصلاحات واقدامات اٹھائے ہیں جن کے ثمرات سے صوابی کے عوام مستفیدہورہے ہیں،صوابی میں کیڈٹ کالج بھی تعمیرکیاجارہاہے،پیہورکنال سے زراعت کے شعبہ میں تبدیلی کی نئی لہرآئے گی۔
انہوں نے کہاکہ سوئی گیس کی مدمیں تقریباً ایک ارب70کروڑروپے لگائے گئے ہیں اورمزیدجوعلاقے سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں وہاں تک سوئی گیس مہیاکیاجائیگا،پورے صوبے کے عوام کوصحت انصاف کارڈفراہم کیاجائیگا جوملک کی تاریخ میں ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ اسدقیصرنے کہاکہ ہم اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ عوام کی فلاح وبہبوداورملک کی بہترمفادکیلئے سیاست کررہے ہیں، جب ہم نے ملک کی باگ ڈورسنبھالی تومعیشت مفلوج اورخزانہ خالی ملاتھا،عمران خان کی بہترین پالیسیوں کی بدولت آج ملک صحیح سمت میں جارہاہے۔