اسلام آباد،12نومبر (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ سی پیک سے وابستہ ترقی میں میری ٹائم سکیورٹی کلیدی کردار کی حامل ہے۔ وہ کوسٹل ایریاز کے دورہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں سے گفتگو کررہے تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کوسٹل ایریاز میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا اور تربت، گوادراور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ تربت آمد پرکمانڈر پاکستان فلیٹ اور اورماڑہ کےدورے میں کمانڈر کوسٹ بھی نیول چیف کے ہمراہ موجود تھے۔
نیول ائیر سٹیشن تربت آمد پرنیول چیف کو نیول ائیر آرم آپریشنز پربریفنگ دی گئی۔نیول چیف کو گوادر پورٹ اور سی پیک کی کوسٹل سکیورٹی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے جناح نیول بیس اور کیڈٹ کالج اورماڑہ کا بھی دورہ کیا۔ نیول چیف نے ان سٹیشنز پر تعینات پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کے ساتھ وقت گزارااوران کے جذبے کو سراہا۔