صحت کارڈ پلس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کل وزیراعظم عمران خان سوات میں کریں گے:تیمور سلیم جھگڑا

137

پشاور، 5نومبر(اے پی پی): وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ صحت کارڈ پلس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کل وزیراعظم عمران خان سوات میں کریں گے۔ منصوبے کے لئے 18 ارب روپے مختص کئے گئے جسکے تحت ملاکنڈ ڈویژن کے 6 اضلاع کی عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جائینگی جبکہ31 جنوری سے صوبے کے تمام عوام صحت کی مفت سہولیات سے استفادہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور معاون خصوصی کامران بنگش نے آج کورونا کی دوسرے لہر کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ کورونا حقیقت ہے عوام احتیاط کریں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں کیونکہ حکومت عوامی تعاون کے بغیر کورونا کنٹرول نہیں کرسکتی اور معیشت کو ایس او پیز کیساتھ ہی چلانا پڑیگا۔
کامران بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ صوبائی حکومت کورونا کی دوسرے لہر کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے متحرک ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلی محمود خان پراونشل ٹاسک فورس کی سربراہی کررہے ہیں۔ کل وزیراعلی محمود خان کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلوں کی توثیق ہوئی اور کورونا روک تھام کے حوالے سے تمام محکمے ایک پیج پر ہیں۔
کامران بنگش نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ اب تک صوبے میں 909 ایکٹیو کیسز ہیں، جن میں 123 کیسز گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہوئے جبکہ کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین اموات بھی ہوئیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب کورونا روک تھام کے لئے پہلے مرحلے میں شادی ہال،ہوٹل ریسٹورنٹ وغیرہ رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔