ملتان ،19 نومبر (اے پی پی ): پنجاب میں”باہمت بزرگ پروگرام”لانچ کر دیا گیا ہے ،65سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو اب سوشل پنشن ملے گی۔ سوشل پنشن کی صورت میں ہر تین ماہ بعد 6000 روپے دئے جائیں گے،پروگرام میں رجسٹریشن کا آغاز 23 نومبر سے کیا جائے گا ،صوبہ کی ہر تحصیل کی سطح پر رجسٹریشن کیمپس قائم کئے جائیں گے ۔
رجسٹریشن کےانتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ باہمت بزرگ پروگرام کی رجسٹریشن کا عمل3 ماہ جاری رہے گا، رجسٹریشن کیمپس میں پینے کے پانی اور بیٹھنے کے لئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر روزانہ 150 سے کم افراد کو سنٹر بلایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روزانہ کسی ایک یونین یا سرکل کے لوگوں کو بلانے کا میکانزم بنایا جائے،رجسٹریشن سنٹر میں پولیس اور سول ڈیفنس کے رضا کار تعینات کئے جائیں ۔
اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان میں32 ہزار بزرگ افراد پروگرام سے مستفید ہونگے،ضلع ملتان میں3 رجسٹریشن سنٹر قائم کر دئیے گئے ہی ں علی گڑھ کالج گلگشت میں ایک رجسٹریشن سنٹر قائم کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کمیٹی ہال شجاع آباد اور جناح ہال جلالپور پیروالا میں بھی سنٹر قائم کئے گئے ہیں ۔
رجسٹریشن سنٹرمیں بنک آف پنجاب اور محکمہ سوشل ویلفئیر کا عملہ تعینات کیا جائے گا۔بزرگ شہریوں کو کیش کی بجائے اے ٹی ایم کارڈ جاری کئے جائیں گے۔
اجلاس میں پروگرام کے فوکل پرسن اور اےڈی سی ہیڈکوارٹر رانااخلاق احمد خان سمیت اسسٹنٹ کمشنرز عابدہ فرید،آبگینے خان، محمد زبیر اور مدثر ممتاز بھی شریک ہوئے۔