رحیم یار خان، 02 نومبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع کی چاروںتحصیلوں میں ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا انعقاد کیا گیا ، رحیم یار خان سپورٹس جمنازیم میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی سربراہی میں ریونیو عوامی خدمت کچہری لگائی گئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت ، اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر)ریاست علی سمیت تحصیلدار، سب رجسٹردار، انچارج اراضی ریکارڈ سنٹر، اے ڈی ایل آر اور دیگر ریونیو عملہ موجود تھا جبکہ تحصیل صادق آباد کے صادق کلب میں اسسٹنٹ کمشنر عامر افتخار، تحصیل خانپور میونسپل کارپوریشن ہال میں اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف چھینہ اور تحصیل لیاقت پور کے اراضی ریکارڈ سنٹر میں اسسٹنٹ کمشنر ارشد وٹو نے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں متعلقہ افسران و سٹاف کے ہمراہ عوامی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سپورٹس جمنازیم رحیم یار خان میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت کے ہمراہ عوامی مسائل سنتے ہوئے موقع پر ہی دادرسی کے احکامات جاری کئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے احکامات پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ محکمہ مال کا تما م ریکارڈ مکمل ہونا چاہیے تاکہ شہریوں کے مسائل حل کرنے میں دیر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران و سٹاف سرکاری اور شہریوں کی ملکیتی زمینوں کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں اگر سرکاری یا نجی ملکیتی زمینوں پر ناجائز قبضہ کی شکایت پر محکمہ مال کے افسران کی غفلت پائی گئی تو متعلقہ ریونیو افسر و عملہ ذمہ دار ہوں گے اور ان کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ریونیو عوامی خدمت کچہری کے انقلابی قدم سے زمینوں سے متعلق عوامی مسائل کی براہ راست نشاندہی اور ان کے حل میں عملی پیش رفت ہو رہی ہے یہی وجہ ہے کہ سابقہ کچہری میں رحیم یار خان میں244جبکہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر356افراد نے رابطہ کیا اور اس میں سے346کے مسائل موقع پر حل کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ریونیو سٹاف کی محکمانہ کارکردگی پر نظر رکھیں اور ریونیو ریکارڈ کی تسلسل کے ساتھ مختلف زاویوں سے چھان بین کا عمل جار ی رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں ایک چھت تلے عوام کو درستگی ریکارڈ، فرد اجرائ، انتقالات کا اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ، ڈومیسائل اجراءاور دیگر ریونیو سے متعلقہ امور فوری حل کئے جا رہے ہیں ۔