پشاور، 12نومبر(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے وزیر زکوٰۃ وعشر انور زیب خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں ایف سی آر کا مکمل خاتمہ ہو گیا ہے صوبائی کابینہ نے اے ڈی آر بل کی منظوری دے دی ہے جبکہ صوبائی اسمبلی سے اس بل کو پاس کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلی محمود خان کی ہدایت کی روشنی میں سب ڈویژن رزمک ضلع شمالی وزیرستان کے دورہ کے موقع پرقبائلی مشران کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں قبائلیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 73سالوں سےقبائلی خطہ کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پسماندہ رکھا گیا لیکن پی ٹی آئی حکومت نئے قبائلی اضلاع کے محرومیوں کو دور کریں گے اور دوسرے ترقیاتی اضلاع کے برابر کھڑا کریں گے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ قبائلیوں نے ملک کے استحکام کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں جس کی بدولت آج قبائلی اضلاع میں امن آچکا ہے اور اس امن کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے کیونکہ مستقل قیام امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
انور زیب خان نے کہا کہ الیکشن سے پہلے قبائلیوں سے جو وعدے کئے تھے ان کو عملی جامہ پہنائیں گے قبائلیوں کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا، 71 سالوں کی پسماندگی کو دور کرنے میں وقت لگے گا لیکن وہ دن دور نہیں قبائلی اضلاع میں تمام سہولیات میسر ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلیوں کو درپیش تعلیم، صحت لنک روڈز اور دوسرے تمام مسائل سے وزیراعلی کو آگاہ کروں گا اور ان مسائل کو حل کرنے کے لئے تفصیلی بات چیت کر کے مستقل حل حل نکالیں گے انھوں نے سرکاری ملازمین کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنا قبلہ درست کریں اور محکموں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں قبائلی عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے ۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوامی نمائندہ ہوں وزیرستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں میرا آفس کے دروازے ہر وقت آپ لوگوں کے لئے کھلے ہیں جو بھی مسئلہ درپیش ہو اس کو حل کرنے کے لیے ہر حد تک جاؤں گا مشاورتی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاھدعلی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرشفیع اللہ خان اور لائن ڈیپارٹمنٹ کےنمائندوں کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔