لاہور 13 نومبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے پانچوے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 6 مزید ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی اور فیصل آباد جڑانوالہ، لنڈیانوالہ روڈ تا ایکسپریس وے سڑک کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی گئی۔ اس کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سیالکوٹ رنگ روڈ بنانے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
سردار عثمان بزدار نے کہا وہاڑی ملتان روڈکو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دو رویہ کیا جائے گا، 86 کلومیٹر طویل وہاڑی ملتان دو رو یہ سڑک کے منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 12 ارب روپے لگایا گیاہے، گجرات جلالپور جٹاں دو رویہ سڑک بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے بنے گی، 15 کلومیٹر طویل گجرات جلالپور جٹاں دو رویہ سڑک کے منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 2 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا فیصل آباد جڑانوالہ تا ایکسپریس وے سڑک کے ساتھ سروس روڈ بھی بنائی جائے گی، جڑانوالہ میں ریلوے لائن پر فلائی اوور بھی تعمیر کیا جائے گا۔
اجلاس میں پنجاب میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے 500 بیڈ کے 10 جنرل ہسپتال بنانے کے پراجیکٹ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے چوتھے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔