محکمہ خوراک کے افسران نے ٹماٹروں کے مہنگے دام مقرر کرنے پر 8 آڑھتی گرفتارکرلئے، ٹماٹر کا 90 روپے فی کلو نرخ مقرر کرکے سرکاری نرخنامہ جاری کردیا

110

پشاور، 5نومبر(اے پی پی): محکمہ خوراک نے ٹماٹروں کے مہنگے دام مقرر کرنے پر 8 آڑھتیوں کو گرفتار کرلیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر اور ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے علی الصبح سبزی منڈی کا دورہ کیا اور بولی کے عمل کا جائزہ لیا بولی میں ٹماٹر کا فی کلو 90 روپے نرخ مقرر کر کے سرکاری نرخنامہ جاری کردیا بعد ازاں فردوس سبزی منڈی میں نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی جہاں پر آڑھتی 120 روپے فی کلو ٹماٹر بیچ رہے تھے جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 8 آڑھتیوں کو گرفتار کرلیا۔ موقع پر موجود دکانداروں نے خوشی کا اظہار کیا اور محکمہ خوراک سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کرنے کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے جبکہ مصنوعی گرانفروشی کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی ہے جس کے تحت ضلع پشاور کے تمام علاقوں میں مختلف اوقات میں کارروائیاں کی جاتی ہیں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے اور بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالے تاکہ اس کے ثمرات عوام کو مل سکیں۔