معاشرہ کی خوشحالی کا دارومدار صحت مند خواتین پر ہے ، خواتین اپنی صحت کاخاص خیال رکھیں: چھاتی کے کینسرکی آگاہی تقریب سے خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کا خطاب

104

   کراچی،12 نومبر(اے پی پی): خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرہ کی خوشحالی کا دارومدار صحت مند خواتین پر ہے ، خواتین کو اپنی صحت کا خاص خیال رکھنا چاہئے ،دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں چھاتی کے کینسر سے شرح اموات زیادہ ہے ، جس کی وجہ عدم آگاہی ہے ، اس سال چھاتی کے کینسر کی آگاہی کے حوالے سے کافی کامیابیاں ملی ہیں ،آگاہی کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کرن فاﺅنڈیشن کے ڈی سی ٹی او کیمپس میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے منعقدہ آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے کرن فاﺅنڈیشن کی چیئر پر سن ثبینہ کھتری ، ڈاکٹرثمیہ اور کینسر کوشکست دینے والی عاصمہ نبیل نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں کرن ڈی سی ٹی او کیمپس کی طالبات اور ان کی ماﺅں نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ چھاتی کا کینسر لاعلاج مرض نہیں ہے ، جتنی جلد تشخیص ہوگی علاج ہونے میں آسانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اس مرض سے دوسرے لوگوں کو بھی آگاہی فراہم کریں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں ۔ انہوںنے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی خواتین پر مشتمل ہے ، آپ کی زندگی ملک اور گھروالوں کے لئے بہت ضروری ہے ۔ خاتون اول نے کہا کہ کرن فاﺅنڈیشن کی چیئرپرسن ثبینہ کھتری بڑی ہمت والی خاتون ہیں اور بہت اچھا کام کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس اسکول میں بچوں کی تربیت کے ساتھ ان کی ماﺅں کی بھی تربیت کرتی ہے جس پر میں ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ چھاتی کے کینسر آگاہی کے پروگرام کو صرف اکتوبر تک محدود نہیں رکھےںگے بلکہ آگاہی کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا،آگاہی مہم کے حوالے سے پچھلے سال کے نسبت امسال زیادہ کامیابیاں ملی ہیں آج اس موضوع پر سب بات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں میڈیا کا کردار بہت اہم رہا ہے اور موبائیل پیغامات کی وجہ سے بھی لوگوں میں آگاہی پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم کے لئے میں نے ملک کے مختلف علاقوں کے دورے بھی کئے ہیں۔خاتون اول نے کہا کہ چھاتی کے کینسر کے آگاہی کے حوالے سے اس طرح کے پروگرامز ہوتے رہنے چاہئے ۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ ہم معذور افراد کے لئے بھی کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو ہم نے اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے ۔ ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ میںاپنی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں اور ہم اپنا یہ کام جاری رکھیں گے ۔ کرن فاﺅنڈیشن کی چیئرپرسن ثبینہ کھتری نے کہا کہ میں یہاں آمد پر خاتون اول کا خیرمقدم کرتی ہوں ، ہمارا مقصد شفقت بھر ا معاشرہ قائم کرنا ہے ۔ڈاکٹر ثمیہ نے شرکا پر زور دیا کہ وہ اپنے جسم کا خود معائنہ کریں اور چھاتی میں اگر کوئی تبدیلی محسوس کریں تو اس کونظرانداز نہ کریں بلکہ ڈاکٹرسے رجوع کریں ۔ چھاتی کے کینسر کو شکست دینے والی عاصمہ نبیل نے کہا کہ مجھے چھاتی کا کینسر تشخیص ہوا تھا اور کامیابی کے ساتھ علاج مکمل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوچ مثبت رکھنا چاہئے، مثبت سوچ کے ساتھ مشکل وقت نکل جاتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ اگر چھاتی میںکوئی تبدیلی محسوس کریں تو جلد ڈاکٹرسے رابطہ کریں اور چھاتی کے کینسر کے حوالے سے دوسروں تک بھی آگاہی پھیلائیں ۔