ملتان؛سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب کا ان سروس ایگریکلچر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ رحیم یار خان ،سرکاری زرعی فارمزکا کا دورہ

103

ملتان ،06 نومبر (اے پی پی ):سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے طلباء کوفصلوں ، سبزیوں ، پھلوں اور پھولوں کی کاشت بارے جدید علمی وعملی تربیت دی جائے تاکہ یہ لوگ فعال زرعی کارکن کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکیں۔ زرعی تربیتی اداروں میں بہترین تدریسی، تعلیمی، رہائشی و دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے وافر وسائل فراہم کئے گئے ہیں تاکہ 3 سالہ زرعی ڈپلومہ کورس کے طلبا و طالبات کو کوالٹی ایجوکیشن سے آراستہ کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ان سروس ایگریکلچر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ رحیم یار خان کے دورہ کے دوران کیا ۔ان کا کہنا  تھا کہ یہی لوگ ہماری زرعی ترقی کے بنیادی ستون ہیں، اچھی تعلیم و تربیت کی بدولت ہی ایسے اداروں کے قیام کے مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے ڈپلومہ ہولڈرز آگے چل کر زرعی معیشت کے محاظ پر فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کریں گے لہٰذا ان کی تعلیم و تربیت میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔طلبا کیلئے پینے کے صاف پانی کا بندوبست کیا جائے۔

 بعد ازاں سیکرٹری زراعت نے رحیم یار خان میں واقع سرکاری زرعی فارمز کا دورہ کیا اور فارمز کی حالت میں مزید بہتری کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری فارمز رول ماڈل نظر آنے چاہئیں تاکہ یہاں آنے والے کاشتکار جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کر سکیں اور نمائشی فارمز کی تقلید کرتے ہوئے اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور عملہ پوری جانفشانی سے کام کرے تاکہ یہاں آنے والے کاشتکار جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کر سکیں۔ تمام سرکاری فارمز پر جدید نظام آبپاشی کی تنصیب کی جائے تاکہ نہ صرف ان سرکاری فارمز پر پانی کی بچت ہو سکے بلکہ یہ نظام کاشتکاروں میں بھی مقبولیت پائے۔

 انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ زرعی فارمز پر ہائی ویلیو کراپس کی کاشت کو فروغ دیا جائے تاکہ کاشتکار روایتی کاشتکاری سے ہٹ کر منافع بخش ہائی ویلیو ایگریکلچر کی طرف راغب ہو سکیں۔ سیکرٹری زراعت نے کلین اینڈ گرین پاکستان شجرکاری مہم کے تحت ان سروس ایگریکلچر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے لان میں پودا بھی لگایا۔