ملتان ؛روور سکاؤٹس یونٹ کے زیر اہتمام تین روزہ “ممبر شپ اور ہمدم بیج سکاؤٹس کیمپ ” کا انعقاد

117

ملتان،

06 نومبر (اے پی پی ):ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں روور سکاؤٹس یونٹ کے زیر اہتمام تین روزہ “ممبر شپ اور ہمدم بیج سکاؤٹس کیمپ ” کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ لگانے کا مقصد زرعی جامعہ میں نئے آنے والے طلباء و طالبات کو ناموافق حالات میں گزر بسر اور کیمپنگ لائف سے روشناس کروانا تھا۔

کیمپ کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر فضل رحمان ہسپتال سلمان مبارک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی جامعہ میں سکاؤٹس کیمپ بہت ہی منظم طریقے سے منعقد کیا گیا ہے۔ اسکاؤٹنگ تحریک ایسی سر گرمیاں فراہم کرتی ہے جس سے نو جوان ملک کے قابل فخر اور مفید شہری بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ سکاؤٹنگ کی بدولت طلباء و طالبات میں رضاکارانہ طور پر صلاحیتوں کو اجاگر کر سکتے ہیں۔

ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکاؤٹنگ تحریک نوجوانوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔سکاؤٹنگ طلباء کو تنظیم، امن و امان،وقت کی پابندی اور کم وسائل کو بروے کار لاتے ہوئے اچھے کام کرنا سکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکاؤٹنگ میں جدت لانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ہنگامی حالات کا مناسب طریقے سے مقابلہ کر سکیں۔

انہو ں نے مزید کہاکہ زرعی جامعہ سکاوٹس یونٹ کیلئے تفریحی اور سیکھنے کے مواقع فراہم کرتی رہے گی جس کے ذریعے طلباء و طالبات میں سکاؤٹنگ کی اہمیت اور لگن پیدا ہو گی۔

ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سکاؤٹنگ نہ صرف لڑکوں بلکہ لڑکیوں کیلئے بھی سیکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں امید کرتا ہوں کہ جامعہ کے سکاؤٹس اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جامعہ کا نام صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر روشن کریں اور باقی طلباء سے منفرد نظر آئیں۔ سکاؤٹس نہ صرف سردیوں بلکہ گرمیوں میں بھی کیمپ لگائیں تاکہ چولستان اور صحرا جیسے علاقوں میں کیمپنگ کس طرح ہوگی۔

انہوں نے مزید کہاکہ سکاؤٹس کمیونٹی ڈویلمپنٹ،سماجی خدمت اور ناگہانی آفات کی صورت میں اپنا کردار ادا کریں اور اچھا شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

جامعہ میں منعقدہ سکاؤٹس کیمپ میں سسپنشن بریج، ڈوم ٹینٹ، اے شیپ ٹینٹ، برتن سٹینڈ، بیگ اسٹینڈ، پرسنل کٹ اسٹینڈ، جوتا اسٹینڈ، تولیا اسٹینڈ، ٹول اسٹینڈ، ڈیسٹ بین وغیرہ کی نمائش بھی لگائی گئی۔ نمائش میں کیمپ فائر کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں روور سکاؤٹس کے طلبہ ء نے مختلف معلوماتی سکیٹس اور ڈرامے پیش کئے گئے۔

 اس موقع پرصدر روورا سکاؤٹ یونٹ ڈاکٹرعمر اعجاز، ڈاکٹر عمر فاروق، ڈاکٹر عثمان جمشید، شہزاد احمد، چوہدری احتشام علی، جنید صدیق ودیگر طلباء و طا لبات کی کثیر تعدادموجود تھی۔