ملتان ،09 نومبر (اے پی پی ): سموگ کے خطرات کو کم کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ سرگرم ،شہر کی بڑی شاہراہوں پر اڑنے والی دھول مٹی کے تدارک کے لئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے سکریپنگ پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے،بڑی شاہراہوں کے درمیان ڈیوائیڈر کے ساتھ جمع ہونیوالی مٹی کو کھرچ کر اٹھانے کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
سی ای او عبدالطیف خان نے کہا کہ ٹریفک وجہ سے ڈیوائڈرز کے ساتھ جمع ہونیوالی مٹی اڑ کر فضا میں معلق ہوجاتی ہے ، کمپنی کے ورکرز شاہراہوں کے درمیان واقع تمام ڈیوائڈرز کے سکریپنگ کر رہے ہیں جبکہ فلائی اورز پر واقع ڈیوائڈرز کی بھی سکریپنگ کی جارہی ہے۔
عبدالطیف خان نے کہا کہ شہر کی مصروف شاہراہوں پر روزانہ چھڑکاؤ کیا جارہا ہےجہاں ضروری ہو گا وہاں سڑکوں کو پانی سے واش بھی کیا جائے گا۔ کمپنی کا انفورسمنٹ ونگ کوڑے کو آگ لگانے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لے رہا ہے جبکہ سموگ فری ملتان کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔