ملتان :کمشنر جاوید اختر محمود کی   زیر صدارت  ڈویژن کی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ اجلاس

77

ملتان،16نومبر(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کی   زیر صدارت  پیر کو یہاں  ڈویژن کی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان  نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ملتان ڈویژن کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں،انہوں نے ملتان ڈویژن کی ترقی کا ٹاسک سونپا ہے۔

کمشنر ملتان نے سکیموں میں تاخیر کے مرتکب افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوکاز دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے منصوبوں کی بروقت تکمیل لازم ہے۔عوام کے ٹیکسوں کی پائی پائی عوام پر خرچ کی جائے گی۔ سکیموں کی تکمیل میں کوالٹی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔

 انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کو اسکوائش کمپلیکس پلان بنانے کا ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھی پلاننگ کی جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز از خود ترقیاتی سکیموں کو مانیٹر کریں۔

اس کے علاوہ انہوں نے واسا کو بھی سورج کند روڈ میں سیوریج پائپ لائنیں مکمل بچھانے کیلئے 30 نومبر تک کا ٹاسک بھی دیا۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے مختلف محکموں کے افسران نے بتایا کہ ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی 8 ارب کی 345 سکیمیں جاری ہیں جن میں،3 ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی 210 کروڑ کی 239 سکیمیں ملتان ڈویژن میں جاری ہیں اور،68 کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ڈویژن میں سیپ 2 کی 1 ارب سے زائد کی 138 سکیمیں جاری ہیں اور 74 کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک، وی سی نشتر یونیورسٹی ڈاکٹر اعجاذ مسعود،ڈی جی ایم ڈی اے آغا علی عباس، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی ،متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک پر جبکہ قومی ترقیاتی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔