میرا مشن پنجاب کی عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی ہے؛وزیر توانائی اختر ملک

209

لاہور 13 نومبر(اے پی پی): وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کی زیر صدارت محکمہ توانائی میں اجلاس منعقد ہوا۔محکمہ توانائی کے ذیلی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

 متبادل ذرائع توانائی، پنجاب بھر کے بنیادی مراکز صحت کی سولر پر منتقلی اور بجلی سے محروم علاقوں کو بجلی کی فراہمی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب بھر کے بنیادی مراکز صحت کو جلد سے جلد سولر پر منتقل کیا جائے گا، بنیادی مراکز صحت کی سولر پر منتقلی کی افتتاحی تقریب 17 نومبر کو محکمہ توانائی میں منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ  پنجاب بھر کے 2400 بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا بلکہ  اجلاس میں پنجاب میں بجلی سے محروم علاقوں کے لئے “آف گرڈ سولر سولیوشن” پر اتفاق کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بجلی سے محروم چھوٹی چھوٹی بستیوں کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کر رہے ہیں، پنجاب سولر صوبہ بننے جا رہا ہے، میرا مشن پنجاب کی عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی ہے۔