وزیراعلیٰ پنجاب وچیئر پرسن احساس پنجاب پروگرام سردار عثمان بزدار نے “باہمت بزرگ”پروگرام کا افتتاح کیا

219

لاہور 20 نومبر (اے پی پی) پنجاب حکومت نے “باہمت بزرگ”پروگرام کا آغاز کردیا۔وزیراعلیٰ پنجاب وچیئر پرسن احساس پنجاب پروگرام سردار عثمان بزدار نے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے احساس پنجاب پروگرام کے تحت شروع ہونیوالے “باہمت بزرگ”پروگرام کا افتتاح کیا۔90شاہراہ پر جمعہ کے روز منعقدہ تقریب میں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 2ارب روپے کی ابتدائی رقم ایک لاکھ پچاس ہزار بزرگ افراد میںبزرگ باہمت کارڈز کے ذریعے تقسیم کی جائے گی جس سے بزرگ افراد ماہانہ 2ہزار روپے وظیفہ حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب بھر میں 65سال اور اس سے زائد عمر کے مستحق بزرگ افراد کوہی 2ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے معیار 18،16اور 30تک زندگی بسر کرنے والے بزرگ افراد ہی اس باہمت بزرگ پروگرام میں شامل کیے جائیں گے جبکہ خاندان میں ایک ہی فرد اس کا مستحق ہوگا،پروگرام میں خواتین کو ترجیح دی جائے گی خاتون کی غیرموجودگی میں اس کا بزرگ خاوند وظیفہ کا مستحق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے بزرگ افراد کا حق عزت و تکریم کے ساتھ ان تک پہنچے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام کے تخت باہمت بزرگ پروگرام کا آغاز خوش آئند ہے۔وظیفہ کیلئے بزرگ افراد کا انتخاب میرٹ پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کا تصور دیاہم اس کی طرف بڑھ چکے ہیں۔ریاست مدینہ ایسی ریاست ہوگی جہاں ہر شخص اور ریاست اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی ضروریاپوراکرنے کیلئے پنجاب احساس پروگرام کا آغاز کرچکی ہے۔بزرگ افراد کیلئے باہمت بزرگ پروگرام سوشل پنشن پروگرام ہے جس کی مثال نہیں ملتی اس سے بزرگوں کو معاشی آسانی ہوگی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تقریب میں موجود بزرگ خواتین بشیرا ں بی بی ،اللہ رکھی،شریفاں بی بی ،شمیم بی بی اور نور بیگم کو باہمت بزرگ پروگرام کے اے ٹی ایم کارڈز دئیے اور بہاولنگر،سیالکوٹ اور خوشاب سے آئے ڈپٹی کمشنر و اے ڈی سیز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔تقریب میں وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان،صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت ،وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اظہر ملہی ودیگر رکن صوبائی اسمبلی اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔