وزیر اعظم عمران خان کی حافظ آباد میں سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی  سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات سے ملاقات

329

حافظ آباد۔7نومبر  (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  موجودہ دورحکومت میں حافظ آباد میں ہونے والے ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی، کورونا کے دوران ضلع حافظ آباد میں احساس پروگرام کے تحت 66 کروڑ روپے ضرورت مندوں میں تقسیم کیے گئے، اسکے علاوہ ڈسٹرک ھیڈکوارٹر ہسپتال کا بھی سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے حافظ آباد میں سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی  سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا  جنہوں نے ہفتہ کو وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ندیم افضل چن، وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور ترجمان پنجاب گورنمنٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ انہیں موجودہ دورحکومت میں حافظ آباد میں ہونے والے ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی، کورونا کے دوران ضلع حافظ آباد میں احساس پروگرام کے تحت 66 کروڑ روپے ضرورت مندوں میں تقسیم کیے گئے، اسکے علاوہ ڈسٹرک ھیڈکوارٹر ہسپتال کا بھی سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔وزیرِ اعظم نے کورونا وباکے دوران پنجاب حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود پنجاب حکومت نے بروقت اقدامات سے کرونا وباء کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کا سب سے مشکل وقت گزر گیا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے نہایت مثبت اثرات برآمد ہوئے  خصوصاً معاشی میدان میں سامنے آنے والے نتائج نہایت حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کا اعتراف بین الاقوامی طور پر بھی کیا گیا ہے۔وبا کے بعد معاشی عمل  کی بحالی پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک کی نسبت ہماری معیشت کا پہیہ چلنے لگ گیا ہے جس کی سب سے بڑی مثال سیمنٹ کی کھپت میں اضافہ ہے جس کا مطلب تعمیرات کی صنعت میں کام دوبارہ سے رفتار پکڑ رہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔وزیرِ اعظم نے سیاسی رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے اور سیاسی و سماجی رہنما اس حوالے سے عوام میں آگاہی فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔