ٹرانسپورٹ مالکان کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہونگے : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر رانااخلاق احمد خان

237

ملتان، 03نومبر( اےپی پی): کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد اور سموگ کے تدارک کے لئے انتظامیہ متحرک ہے اور کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسسز کے پیش نظر بسوں اور ویگنوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر رانااخلاق احمد خان کی زیر صدارت اس سلسلہ میں اجلاس منعقد ہوا۔موٹر وہیکل ایگزامینر،سول ڈیفنس آفیسر، ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ مالکان کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہونگے،مسافروں کو ماسک پہننے کا پابند بنایا جائے اورمسافروں کی انتظار گاہوں میں سماجی فاصلے کی ہدایات پر عمل کیا جائے،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو کسی صورت سڑکوں پر نہیں آنے دیا جائیگا،غیر معیاری سلنڈرز استعمال کرنیوالی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں،اے ڈی سی ہیڈکوارٹر نے کہا کہ تمام کمرشل اور نان کمرشل گاڑیوں سے غیر معیاری اور ناقص گیس سلنڈر اتار لئے جائیں،غیر معیاری گیس سلنڈر تیار اور فروخت کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی،انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ سول ڈیفنس ایل پی جی کی غیر قانونی فلنگ کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔