اسلام آباد، 05 نومبر ( اےپی پی): پاکستان کے سفیر سعودی عرب راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والی افواہیں کہ خدانخواستہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں کوئی سرد مہری آئی ہے۔ سفیر پاکستان نے واشگاف الفاظ میں کہا ایسی کوئی بات نہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کی لازوال دوستی کی تاریخ بہت پرانی ہے اور آج بھی ہم مضبوط دوستی کے بندھن میں ایک ساتھ ہیں۔سفیر پاکستان نے سعودی عرب میں پاکستانی اسکولوں کی بھاری فیسوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عرصے سے حکومت پاکستان میں ذمہ داروں سے اس پر بات کررہے ہیں میری کوشش ہے فیسیں پاکستان میں اسکولوں کے مساوی کی جائیں۔ کمیونٹی کو جلد اس سلسلے میں خوشی ملے گی۔ سفیر پاکستان نے سعودی عرب میں پاکستانی تجارت کے فروغ اور اسے بڑھانے کے اقدامات پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ کمرشل سیکشن مزید محنت کریں گے ۔سفیر پاکستان جدہ میں پاکستان کمیونٹی کے نمائندوں سے خطاب کررہے تھے ۔سفیر پاکستان نے سعودی حکومت کی جانب سے غیر ملکیون کیلئے نئے اقامہ قوانین کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے تفصیل آنے پر اوورسیز کمیونٹی کو فائدہ ہوگا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز اور قونصل جنرل خالد مجید نے کمیونٹی کے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔