پاکستان میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کی مذہبی عبادت گاہوں و مقامات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا ، وزیراعظم عمران خان  کا بابا گرو نانک کے 551 ویں جنم دن پر  ویڈیو پیغام

192

اسلام آباد،30نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بابا گرو نانک کے 551 ویں جنم دن پر سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کی مذہبی عبادت گاہوں و مقامات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور یاتریوں کے لئے مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

 پیر کو جاری   اپنے  ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ سکھ برادری کے دو مقدس مقامات ننکانہ صاحب اور کرتارپور پاکستان میں واقع ہیں جس طرح مسلمانوں کے لئے مکہ اور مدینہ کی اہمیت ہے، اسی طرح سکھوں کے لئے یہ دو مذہبی مقامات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام سکھ برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کی حکومت سکھ برادری کے مقدس مقامات کا مکمل تحفظ کرے گی، وہاں پر ان کے لئے سہولتیں فراہم کریں گے تاکہ ان کے لئے آسانیاں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حسن ابدال میں پنجہ صاحب چونکہ سکھوں کے لئے بہت مقدس مقام ہے، اس لئے وہاں پر ریلوے سٹیشن کو بہتر بنایا گیا ہے اور ہر قسم کی سہولت وہاں پر فراہم کی گئی ہے تاکہ جو یاتری وہاں پر آئیں، انہیں تمام سہولیات میسر ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ پاکستان کی تمام اقلیتی برادری کے مقدس مقامات چاہے وہ گرجا گھر ہوں، مندر ہوں یا بدھ مت کے ماننے والوں کی عبادت گاہیں اور گندھارا تہذیب ہو، ان کا مکمل تحفظ کیا جائے گا تاکہ اقلیتی برادری کے مقدس مقامات ان کے لئے محفوظ ہوں۔