پشاور،30 نومبر(اے پی پی): چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے عوامی شکایت پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال ایمر جنسی روڈ کا دورہ کیا اور وہاں غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر نے غیر قانونی کار پارکنگ اور تجاوزات کو رضا کارانہ طور پر ہٹانے کیلئے 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی اور روڈ کنارے سے ملبہ اور کچرا کو موقع پر ہٹانے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر سے تجاوزات مافیا اور غیر قانونی پارکنگ کو ختم کرنے کا عمل بلاتفریق جاری ہے اور اس ضمن میں عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں کوئی رعایت نہیں کی جائیگی۔
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے 5 نومبر کو بھی ایل آر ایچ کے سامنے تجاوزات مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا تھا جس کے دوران متعدد افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غلط پارک پر موٹرکار یں اور درجنوںموٹر سائیکل کو ٹرمینل میں بند کئے گئے تھے، جبکہ ایل آر ایچ ہسپتال کے سامنے قائم تجاوزات کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے ان پر جرمانے عائد کرنے کیساتھ ساتھ ان کے خلاف قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی گئی تھی۔
چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید مروت نے مزید کہا ہے کہ ایل آر ایچ ایمرجنسی روڈ اور مصروف ترین شاہراہ ہے جس پر ٹریفک کی روانی میں بہتری لانے میں شہری سٹی ٹریفک پولیس کیساتھ مکمل تعاون کریں۔