پشاور کے بعد ملتان کے باشعور عوام نے خود کو پی ڈی ایم جلسہ سے دور رکھ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچناچاہتے ہیں ؛ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز

229

اسلام آباد،30نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے  ملتان  کے غیور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کے بعد ملتان کے باشعور عوام نے اپنے اور اپنے خاندان کو پی ڈی ایم جلسہ سے دور رکھ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے دور رہنا چاہتے ہیں ،پی ڈی ایم 150 جلسہ بھی کر لے تو حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ، محمد نواز شریف نے جنیجو کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے ،چھانگا مانگا میں ممبران کی خریداری ، مہران بینک سکینڈل ، بے نظیر بھٹو کی حکومت گرانے ،اسامہ بن لادن سے پیسے لینے  سمیت ہر غیر جمہوری کام میں مرکزی کردار رہے ۔

وہ پیر کی رات پی آئی ڈی میں  پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے  کہا کہ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر سٹیج کے اوپر پھانسی دلوانے والوں کو بیٹھے دیکر کر ذوالفقار علی بھٹو کو بھی افسوس ہوا ہوگا   ، مریم نواز بے نظیر بھٹو کبھی نہیں بن سکتی ، آج تک بلاول بھٹو اپنی ماں کے نقش قدم پر نہیں چل سکے ،  ڈی آئی خان سے امین گنڈا پور کے ہاتھوں شکست کھانے والے مولانا فضل الرحمان12ویں کھلاڑی بن چکے ہیں ، 22کروڑ عوام نے دیانتدار وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کیا ہے ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی قصہ پارینہ بن چکے ہیں ۔

وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملتان کی اکثریتی عوام نے آج پی ڈی ایم کے جلسہ میں شرکت نہ کر کے ثابت کر دیا کہ پی ڈی ایم کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہے ، وراثت  میں ملنے والی سیاسی گدی پر بیٹھ کر اتنا جھوٹ بولا گیا کہ سٹیج کے عقب میں عمارت میں آگ لگ گئی لیکن یہ جھوٹے ،فریبی   اور کرپٹ لوگ ٹس سے مس نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج مریم نواز جو زبان استعمال کر رہی ہے و ہ 90 کی دہائی میں ان کے والد محمد نواز شریف کی زبان تھی ، پیپلز پارٹی کی اپنی یہ حالت ہے کہ ایک قومی پارٹی علاقائی پارٹی بن چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 12ویں کھلاڑی مولانا فضل الرحمان کا کام صرف تقاریر کرنا ہے ، مذہبی رہنما کی آڑ میں سیاست کرنے والے مولانا فضل الرحمان کو امین گنڈاپور نے ڈی آئی خان سے شکست دیکر نکالا ہے اور آج وہ اسلام آباد دھاوا بولنے کی دھمکیوں پر گذارا  کر رہے ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد پر حملہ کیا تھا اس میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے دغا کی تھی ، آج بھی یہ کرپٹ عناصر یہ چاہتے کہ انھیں کسی بھی طرح این آر او مل جائے اور ان کے کرپشن کے تمام کیسز واپس ہوجائیں ، یہ عناصر اقتدار سے باہر رہ کر ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر تڑپتی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی انتقام کے طو پر عمران خان پر مقدمات قائم کیے گئے ،اسکا حساب کون دے گا ، عمران خان کا ماضی ،حال اور مستقبل بے داغ ہے ، انہوں نے اپنی حلال کمائی اور 40 سالہ ریکارڈ سامنے رکھا ، شوکت خانم ہسپتال ،یونیورسٹیوں کے قیام سمیت متعدد فلاحی کام کیے ہیں اور دوسری جانب  مریم نواز آج تک ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور دیگر جائیدادوں کا جوان نہیں دے سکیں ۔

ایک سوال کے جواب  میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان افغانستان مصالحتی عمل ، دوست ممالک اور اسلامی ممالک کے مابین معاملات کے حل کے لئے ثالتی کراتے ہیں لیکن اس کرپٹ  اپوزیشن سے کسی صورت بات کرینگے اور نہ ہی انھیں این آر او دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں ہونے والی پی ڈی ایم کی جلسی میں غریب عوام کی بات  نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنی دادی کے انتقال کے معاملے پر بھی جھوٹ کا سہارا لے رہی ہیں ،انھیں  بروقت پتہ چل چکا تھا کہ ان کی دادی دنیا میں نہیں رہی لیکن  پی ڈی ایم جلسہ کی وجہ سے وہ بے خبر رہیں اور یہ کہتی ہیں کہ ان کی دادی کے انتقال پر حکومت انھیں مطلع کرتی ، دوسرا یہ کہا جاتا ہے کہ ہم نے کسی کو روکا ہے ،ایسا کچھ نہیں ہے ہم نے تو جب مریم نواز کی دادی کے انتقال کی خبر سنی تو نواز شریف ، حسن ، حسین اور اسحاق ڈار کو پاکستان میں آکر جنازہ ادا کرنے کی اجازت دی لیکن وہ لوگ نہیں آئے ۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کا اسرائیل کے معاملے پر واضح اور دو ٹوک موقف ہے  ،وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز ، اسلاموفوبیا ، ناموس رسالت   پر جس طرح ہر فورم پر بات کی آج تک اسی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو خود قرنطینہ میں ہیں اور عام عوام کو کہتے ہیں کہ جلسے میں جائیں یہ دوہرا معیار کب تک چلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور معاشی استحکام میں پی ڈی ایم کی شکل میں اپوزیشن رکاوٹ بن رہی ہے ، یہ اتحاد اپنی موت خود مر جائے گا ۔

وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عوام کو باخبر رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے ، قانون توڑ کر عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی اپوزیشن عوام کی دشمن ہے ، پی ڈی ایم ملتان جلسہ میں آنے والے چند لوگوں میں سے بعض کو جھانسہ دیکر اور بعض کو پیسے دیکر لایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ادارے ، عوام سمیت ہر چیز دائو پر لگا رہی ہے ، ان کی اپنی فیملی پاکستان میں ہے نہیں صرف عوام کو کورونا کے سامنے جھونک رہے ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری شدید ترین لہر میں حکومت سمیت کوئی بھی جلسہ جلوس کرے گا تو وہ غلط تصور ہوگا ، جماعت اسلامی جانب سے دو ہفتے سیاسی سرگرمیاں منسوخ کرنا احسن اقدام ہے ۔