پنجاب حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے   کیلئے  اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ؛ کوآرڈینیٹر  جاویداخترانصاری

257

ملتان،08نومبر(اے پی پی ):سپیشل کوآرڈینیٹر  ٹو وزیر اعلی پنجاب برائے پرائس کنٹرول جاویداخترانصاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت بھی من مانیاں نہیں کرنے دی جائیں گی،اشیاء خورد نوش کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام کو صحیح معنوں ریلیف فراہم کریں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد اپنے کیمپ آفس آمد پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر اقبال عاربی کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ان کا اسقبال کیا اور انہیں اہم ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دی،انہیں گلدستے پیش کئے اورمٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔

جاوید اختر انصاری نے کہا کہ پنجاب میں مہنگائی کرنے والے بڑے مگرمچھوں کو جیل میں ڈالنا میرا مشن ہے،عوام کو اشیاء کی قیمتوں میں ریلیف دینے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی، عوام بھی مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کو اطلاع دیں،ہم ان پر ضرور ہاتھ ڈالیں گے۔

جاویداخترانصاری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لگائے گئے سہولت بازاروں کے اچھے رزلٹ سامنے آ رہے ہیں اور اس سےمہنگائی میں کمی اور شہریوں کو سستی اشیاء میسر آرہی ہیں،حکومت کے پاس گندم اور چینی کا وافر اسٹاک موجود ہے،ہم مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی عوام کی مدد سے کمر توڑیں گے۔