پی ڈی ایم کرونا وبا کے دوران جلسوں کے بجائے ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے ذریعے اپنی خواہشات اور انا کی تسکین کےلئے حکمت عملی تبدیل کریں، فردوس عاشق اعوان

222

راولپنڈی،28نومبر  (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ملک میں جاری کورونا وبا کی نئی لہر کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے پی ڈی ایم کو مشورہ دیا کہ اب ٹیکنالوجی کا دور ہے لہذا یہ کورونا میں شدت کے دوران جلسوں کی بجائے ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے ذریعے اپنی خواہشات اور انا کی تسکین کےلئے حکمت عملی تبدیل کریں، کورونا میں نرمی آنے کے بعد گھوڑا بھی حاضر ہے، اداروں سے کھلواڑ کرنے والے اپنا سیاسی نشہ ضرور پورا کریں لیکن اس وقت دو بچے ابو بچائوتحریک کی آڑ میں قوم کے بچوں کو ایندھن بنانا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز تابندہ سلیم بھی موجود تھیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اولیا کی سرزمین ملتان میں دنگا فساد سے جڑی تحریک شرپسندوں کی جانب سے قانون کے منہ پر طمانچہ ہے، قانون کے پاس انہیں روکنے کےلئے طاقت بھی ہے اور آئینی و قانونی تحفظ بھی ہے، اب کارروائی کمزور کی بجائے طاقتور کے خلاف ہو گی معصوم لوگوں کو اس آگ میں جھونکنے سے بچانے کےلئے پس پردہ سہولت کاروں اور بیرونی آلہ کاروں کو بے نقاب کریں گے، ملتان میں بدامنی اور شرانگیزی پھیلانے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا،

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر کی طرح پاکستان میں کورونا وائرس نے جس طرح پنجے گاڑھ رکھے ہیں ابتدائی معلومات کے مطابق یہ دوسری لہر سابقہ لہر سے کہیں زیادہ تیز ہے ان حالات میں ایک طرف حکومت اپنی رٹ، آئین و قانون اور عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کی پابند ہے دوسری طرف پی ڈی ایم نہ صرف عدالتی احکامات کا جنازہ نکال رہی ہے بلکہ پی ڈی ایم کی قیادت میں شامل بعض نادان دوست اپنے اوپر قائم مقدمات سے جان چھڑانے کے لئے قانون ہاتھ میں لے کر معصوم اور نہتے عوام کو پھنسانا چاہتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اس وقت دو بچے ابو بچا تحریک کی آڑ میں قوم کے بچوں کو ایندھن بنانا چاہتے ہیں وہ بضد ہیں کہ اگر ہمارے ابو اقتدار میں ہوں تو اس قوم کے بچوں کو جینے کا حق ہے جو اپنے گھروں میں منعقدہ تقریبات میں آنے والوں کے لئے کورونا کا ٹیسٹ لازمی قرار دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جس پرانی گاڑی کو بلاول اور مریم دھکا لگا رہے ہیں اس کا ڈیزل پرانا اور گیئر باکس کرپشن زدہ ہونے کی وجہ سے یہ گاڑی اب نہیں چل سکتی اور پشاور والوں نے یہ ثابت بھی کر دکھایا انہوں نے پی ڈی ایم کو مشورہ دیا کہ اب ٹیکنالوجی کا دور ہے لہذایہ کورونا میں شدت کے دوران جلسوں کی بجائے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور گھروں میں بیٹھ کر عوام تک اپنا پیغام پہنچائیں۔

 انہوں نے کہا کہ اداروں سے کھلواڑ کرنے والے اپنا سیاسی نشہ ضرور پورا کریں لیکن ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے ذریعے اپنی خواہشات اور انا کی تسکین کے لئے حکمت عملی تبدیل کریں کورونا میں نرمی آنے کے بعد گھوڑا بھی حاضر ہے اور میدان بھی حاضر ہے اپوزیش بھلے حکومت کو گالیاں دے برا بھلا کہے یا کوئی بھی تھریک چلائے لیکن یہ جان لیں کہ جلسوں سے کبھی حکومتیں نہیں گرائی جا سکتیں لہذا یہ کسی اور کا کھیل کھیلنے سے باز رہیں ملک کے جمہوری وقومی اداروں نے پاکستان کے قومی مفاد،قومی سلامتی اور تشخص و وقار کی ذمہ داری اٹھا رکھی ہے اپوزیشن رہنما وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے صبر و تحمل اور جذبہ خیر سگالی کو ہماری کمزوری نہ سمجھیں وزیر اعلی اپوزیشن کے جمہوری حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن نہتے عوام کو کورونا سے بچانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ملتان میں آج جو کھیل کھیلا گیاسٹیڈیم کے تالے توڑے گئے اور تشدد کی راہ اپنائی گئی ہم اس کے تانوں بانوں سے بخوبی آگاہ ہیں جن لوگوں کو توڑ پھوڑ اور جلا گھیرا کے لئے استعمال کیا گیاان کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا ریاست کی رٹ کو قائم رکھتے ہوئے ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی شرح ملتان ریجن میں سب سے زیادہ ہے اور پنجاب میں آج بھی 25اموات ہوئی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے پنجاب حکومت عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی اس وقت ہر مہذب اور ذی شعور شہری کا فرض ہے کہ وہ احتجاج اور جلسے جلوسوں کی سیاست کی حوصلہ شکنی کرے حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے قانون توڑنے والوں کے ہاتھ توڑ دے گی۔