اسلام آباد،12نومبر(اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی جمعرات کو یہاں واقع بحرین کے سفارتخانے پہنچنے، جہاں انہوں نے بحرین کے وزیراعظم خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور بحرین کے پاکستان میں تعینات سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر سے بحرین کی قیادت اور غمزدہ خاندان کیلئے تعزیت کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان ایک مثالی دوست سے محروم ہوگیا ہے، بحرین کے مرحوم وزیراعظم دونوں ممالک میں مثالی بھائی چارے کی روشن علامت تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم خلیفہ بن سلمان الخلیفہ ترقی پسند سوچ رکھنے والے عظیم رہنما تھے،۔ان کی قیادت میں بحرین نے اقتصادی اور معاشی ترقی کا ایک نیا دور دیکھا ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مرحوم خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کی بین المذاہب ہم آہنگی اور قیام امن کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بحرین کی حکومت، عوام اور قیادت کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کچھ وقت بحرین کے سفارتخانے میں گزار ا اور خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کے انتقال پر سفیر بحرین اور سفارتخانے کے سنیئر افسران کے ساتھ تعزیت اور فاتحہ خانی کی اور بحرین کے وزیراعظم کے انتقال پر تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند گئے۔
اس موقع پرچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے ہمراہ سینیٹرز سجاد حسین طوری، اشوک کمار اور نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے۔