ہرنائی ، 07نومبر (اے پی پی ): چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جمال خان مندوخیل نے ضلع ہرنائی میں نوتعمیر شدہ جوڈیشنل کمپلیکس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے ایڈیشنل سیشن عدالت ہرنائی کو اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ جوڈیشنل کمپلیکس کے قیام کے ساتھ عوام کو انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت کے زیر التواء ترقیاقی منصوبوں کو فی الفور مکمل کئے جائیں اور ہربائی سبی ریلوے سیکشن ٹریک پر جاری کام بھی جلد مکمل کرکے ٹرینوں کو بحال کیا جائے ۔
چیف جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی عدلیہ اور عوام کو سہولیات کی فراہمی منتخب حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں بہتری آنے سے تمام سسٹم ٹھیک ہو جائیگا۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے ضلع ہرنائی میں گزشتہ دور حکومت کے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی عدم تعمیر اور التواء کاشکار ہونے پر سخت برہمی کااظہار کیا ۔
چیف جسٹس نے سابق دورحکومت کے زیرالتواء منصوبوں ،ڈسٹرکٹ جیل، سبزی منڈی، پولیس لائن، سٹی سکوائرمارکیٹ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ نے نو تعمیر شدہ جوڈیشنل کمپلیس میں پانی کی فراہمی کےلیے ٹیوب ویل کا اعلان کیا جبکہ ایم پی اے محترمہ لیلی ترین نےاپنے فنڈزسے جوڈیشنل کمپلیکس کی چار دیواری تعمیر کرنے کےلیے فنڈز کی فراہمی کا اعلان کر دیا۔
قبل ازیں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کا ہرنائی پہنچنے پر ایڈیشنل سیشن جج عنایت اللہ خان کاکڑ ،وکلاء بار ایسوایشن کے عہدیداروں،صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ، رکن صوبائی اسمبلی محترمہ لیلی ترین ودیگر آفیسران نے استقبال کیا۔