لاہور۔12نومبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ جنگلات انسانی و حیوانی زندگی کی بقاکیلئے ضروری ہیں،زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرکے انسانی زندگیوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچایا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہر ٹائون پارک میں میاواکی جنگل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرایم پی اے سعدیہ سہیل،چیئرمین پی ایچ اے انجینئر یاسر گیلانی اوروائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید سمیت دیگر نے بھی پودے لگائے۔جوہر ٹاﺅن پارک میں ایک کنال رقبے پر پندرہ سو پودے لگائے گئے ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ شجرکاری سے موسمیاتی تباہ کاریوں کے سماجی، معاشی، صحت اور ماحولیات جیسے شعبوں پر مرتب ہونے والے منفی اثرات پر قابو پایا جاسکتا ہے،انہوں نے کہاکہ جنگلات کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کیلئے لازمی جز جبکہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت بھی ضروری ہے ۔ایم پی اے سعدیہ سہیل نے کہا کہ جنگلات درجہ حرارت کو اعتدال پر رکھتے اور موسم کو خوشگوار بناتے ہیں،انہوں نے کہا کہ جنگلات قدرتی آفات سے بچاﺅ کیلئے قدرتی دیوار کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔چیئرمین پی ایچ اے انجینئر یاسر گیلانی نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا اور آلودگی سے بچانے کیلئے درخت لگانابے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے میاواکی جنگلات میں آم، شہتوت، جامن، سہانجنا، املتاس اور بگائن و نیم سمیت دیگر سایہ دار اور پھلدار پودے لگا رہا ہے۔وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ جنگلات اور درختوں کی کمی کی وجہ سے سموگ اور فضائی آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے شہر میں کثیر تعداد میں شجرکاری کررہا ہے تاکہ موحولیاتی و فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔