کورونا وائرس کی وبا کی شدت کے دوران خدمات انجام دینے والے ریسکیورز ہمارے ہیرو ہیں؛ ڈپٹی کمشنر ملتان

105

ملتان،7نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی شدت کے دوران خدمات انجام دینے والے ریسکیورز ہمارے ہیرو ہیں،انہوں نے کورونا سے جاں بحق ہونے والے مریضوں  کی ایس او پیز کے تحت تدفین میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے  کہا کہ میں کورنٹائن سنٹر میں خدمات سرانجام دینے پر مختلف محکموں کے افسران اور ہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بطور مہمان خصوصی کورونا وائرس کی وباء کے دوران فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے ریسکیورز کےلئے تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا کہ آندھی،طوفان اور بارشوں میں بھی ریسکیورز جنازے اور تدفین کی سروسز سرانجام دیتے رہے،نشتر ہسپتال کورونا کے مریضوں کے علاج کے لئے جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا مرکز ہے،کورونا سے وفات پانے والے مریضوں کی میتوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کی ساری ذمہ داری ریسکیو ملتان نے نبھائی،بہترین خدمات سرانجام دینے پر اپنے ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

عامر خٹک نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ہم نے ملتان میں دنیا کا سب سے بڑا کورنٹائن سنٹر دو دن میں قائم کیا،کورونا سنٹر قائم کرنے کے حوالے سے سپورٹ کرنے پر سابق کمشنر شان الحق کا شکر گزارہوں،میں کورنٹائن سنٹر میں خدمات سرانجام دینےوالے پاک فوج،ڈاکٹرز،پولیس، سول ڈیفنس اور سینٹری ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں،زندہ قومیں ہمیشہ مشکل چیلنج کو نمٹنے میں کامیاب رہتی ہیں،ملتان کے باسیوں نے ملک کے کونے کونے سے کورنٹائن سنٹر آنیوالے لوگوں کو خوش آمدید کہا،میں مشکل وقت میں ادویات اور راشن فراہم کرنیوالے مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور کورنٹائن سنٹر کے لئے ضرورت کی ہر چیز فراہم کرنے کے لئے وزیر اعلی عثمان بزدار اور ممبران اسمبلی کا شکر گزار ہوں۔

عامر خٹک نے کہا کہ وطن عزیز کو کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے،ملتان پاکستان کے ان16 شہروں میں شامل ہے جہاں کورونا کیسسز سامنے آرہے ہیں،حکومت کی ہدایات پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے پوری ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کیا،کورونا وباء کے آغاز میں حفاظتی سامان نہ ہونے کے باوجود ہم نے قومی ذمہ داری نبھائی۔ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ ریسکیو1122 ملتان نے گزشتہ13 سال میں8 لاکھ50ہزار لوگوں کو ریسکیو کیا،کورونا وباء کے دوران ملتان ریپڈ ریسپانس ٹیم تشکیل دینے کے حوالے سے پورے پنجاب میں پانئیر تھا،کورونا وباء کی شدت کے دوران 1300 مریضوں کو ریسکیو کیا گیا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران کام کرنیوالے  ریسکیو ہیروز میں  ایوارڈ تقسیم کئے اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے  یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان،چیف ٹریفک آفیسر ظفر بزدار،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرکلیم اللہ اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک بھی موجود تھے۔