گلگت بلتستان کے انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کرنے کے بعد سکیورٹی کا انتظام بھی مکمل کر لیا  ہے:چیف الیکشن کمشنر

101

گلگت،6نومبر  (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز نے کہا ہے کہ انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کرنے کے بعد سکیورٹی کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیاہے۔  گلگت بلتستان میں کل 1234 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے۔ان میں 415 انتہائی حساس،339 کو  حساس قرار دیا گیا ہے۔

جمعہ کو یہاں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ ہم اس وقت جنگی حالات میں کام کر رہے ہیں،  کام کو داد دینے کے بجائے تنقید کر نے کا عمل صحیح نہیں۔انہوں نے کہا  کہ تمام آفس ہولڈرز پر گلگت بلتستان کے انتخابات میں کمپین کرنے پر مکمل پابندی ہے اور چیف کورٹ گلگت بلتستان نے بھی اپنے فیصلے کے ذرائع میری اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا  کہ انتخابات کو صاف،شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لئے کل دوبارہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے تاکہ ان انتخابات کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے مزید مشاورت کی جا سکے، تاہم ابھی تک الیکشن کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پر  کل 121 نوٹسز جاری کئے گئے ہیں،سب سے زیادہ نوٹسز پی پی پی کو جاری کئے گئے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کون پہلے آ یا،کس نے سب سے پہلے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کی سب کے سامنے ہے۔  انہوں نے کہا ہے کہ اگر کوئی امیدوار مذہبی کارڈز استعمال کرے گا اسے نااہل قرار دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی پی پی کی خاتون امیدوار کو الیکشن کمپین کرنے سے اگر کسی نے روکا ہے یا دھمکی دی ہے تو وہ درخواست دیں،ابھی تک میرے نوٹس میں کوئی بات نہیں لائی گئی ہے۔