گلگت بلتستان کے عوام نے ن لیگ کے بیانیہ کا جنازہ نکال دیا، کرپشن کے خلاف جنگ کے بیانیہ کی جیت ہوئی ہے، حلیم عادل شیخ

88

کراچی،16نومبر  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنماو رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اداروں اور ملک مخالف بیانیہ کو انتخابات کے ذریعے مستردکردیا ہے ، کرپشن کے خلاف جنگ کے بیانیہ کی جیت ہوئی ہے ،کرپشن مافیاکے خلاف کارروائیاں مزید تیز ہوں گی ،گلگت بلتستان کے نتائج پی ڈی ایم کے بیانیہ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جی بی کے انتخابات کے نتائج کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پی ٹی آئی کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ن لیگ کے بیانیہ کا جنازہ نکال دیاہے ، گزشتہ انتخابات میں 15 نشستیں جیتنے والی ن لیگ ایک یا دو نشستیں ہی جیتی ہے ،ان کے وزیراعلی بھی اپنی نشست ہارگئے ہیں ، پیپلزپارٹی کو شاید کچھ نشستیں اور مل جاتی لیکن بلاول کے اس بیان کے بعد لوگ خوف زدہ ہوگئے کہ انتخابات جیت کر گلگت بلتستان کو لاڑکانہ بنادیں گے اور سندھ جیسی ترقی دیں گے ۔

پی ٹی آئی کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جو بیانیہ لے کرنکلی تھی اس کا نتیجہ آگیا ہے ، نوازشریف کو پتہ چلنا چاہئے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ان کا بیانیہ دفن کردیا ہے، نوازشریف اور اس کے ہمنواوں کے بیانیہ کو لوگوں نے مسترد کردیا ، مولانافضل الرحمن کو تو کچھ بھی نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ کل نوٹ کو نہیں بلکہ ووٹ کو عزت ملی ہے ، یہ جو لوگ ووٹ کی عزت کی بات کرتے ہے وہ دراصل نوٹ کی عزت کی بات کرتے رہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ دکھاوے کو ووٹ نہیں دیتے بلکہ اس لیڈر کو ووٹ دیتے ہے جو عوام کے دکھ درد میں شریک ہوتا ہے ،گلگت کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں سب کے جلسوں میں شرکت کی سب کو سنا لیکن ووٹ پی ٹی آئی کو دیا ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات لوگوں کے لئے نوشتہ دیوار ہیں ، عوام نے کرپٹ مافیاکو مسترد کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ملک میں انتخابات ہوں گے تحریک انصاف ہی جیتے گی ، یہ پانچ سال بھی کپتان کے ہیں اور اگلے پانچ سال بھی کپتان کے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اصل مقابلہ تحریک انصاف بمقابلہ آزاد امیداور تھا، جو آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں اس میں بھی زیادہ امیدوار ہمارے اپنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم نواز سیر وتفریح کے لئے گلگت بلتستان گئے تھے، عوام نے ان کو مسترد کیا ہے ۔

 حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اب پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے لئے کام کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو شاید کچھ سیٹیں اور مل جاتی لیکن لوگ بلاول کے اس بیان کے بعد ڈر گئے کہ الیکشن جیت کر ہم گلگت بلتستان کو لاڑکانہ بنادیں گے اورسندھ جیسے ترقی دیں گے اور لاڑکانہ جیسے ہسپتال دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگوں نے گوگل پر سندھ کی ترقی اور لاڑکانہ کے اسپتال سرچ کئے تولوگ صورتحال سے واقف ہوئیں کہ لاڑکانہ میں تو کتے کاٹنے کے ویکسین نہیں ملتی اس کے بعد لوگوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کو لاڑکانہ نہیں بننے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل گلگت بلتستان کے انتخابات میں استعمال کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے لئے باقی جماعتوں کی مرکزی قیادت گئی تھی اور تحریک انصاف کے صرف کھلاڑی گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پوراور پوری ٹیم کو گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔

 حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شر خ خواندگی بہت زیادہ ہے اور پورے پاکستان پر ان لوگوں کی نظر ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن گلگت بلتستان اور عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ گلگت کی خواتین ، ماوں اور بہنوں کا ووٹنگ ٹرن آوٹ بہت زبردست رہا ، خواتین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس پر میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں ۔

 حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کے فوائد آنا شروع ہوگئے ،اسلئے گلگےت بلتستان کے لوگوں نے ووٹ کیا ، گزشتہ روز پیٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں ، ڈالر نیچے آرہا ہے ، گزشتہ پانچ ماہ سے پاکستان نے قرضہ نہیں لیا ہے ، معیشت کے اشارے مثبت جارہے ہیں اور دنیا میں پاکستان کا تاثر بھی بہتر جارہا ہے ۔