پشاور، 2نومبر(اے پی پی) : معاون خصوصی کامران بنگش نے ملاکنڈ ڈویژن میں صحت کارڈ پلس کے اجرا پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کارڈ پلس کا اجرا ریاست مدینہ میں عوام کے فلاح و بہبود کی جانب ایک اور قدم ہے جو یکم نومبر سے سوات، ملاکنڈ، دیر اور چترال کے عوام کیلئے جاری کردیا گیا ہے۔
کامران بنگش نے کہا کہ اس کارڈ سے علاج معالجے کی مد میں فی خاندان دس لاکھ روپے تک کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی جبکہ پختونخوا کا ڈومیسائل رکھنے والا شخص ملک کے کسی بھی کونے میں اس سہولت سے مستفید ہوسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اس اقدام سے ستر لاکھ خاندانوں کو صحت کی سہولیات میسر ہونگی جبکہ چھ نومبر کو وزیراعظم عمران خان سوات میں اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کرینگے۔
کامران بنگش نے کہا کہ صحت کارڈ پلس جیسے عوام دوست منصوبے کی مثال دنیا کے ترقی پزیر ممالک میں کہیں بھی نہیں ملتی۔